Monday, May 20, 2024

بلدیاتی انتخابات میں بد انتظامی، الیکشن کمشنر خیبر پختونخوا شریف اللہ کو عہدے سے ہٹا دیا گیا

بلدیاتی انتخابات میں بد انتظامی، الیکشن کمشنر خیبر پختونخوا شریف اللہ کو عہدے سے ہٹا دیا گیا
December 30, 2021 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) بلدیاتی انتخابات میں بد انتظامی پر الیکشن کمشنر خیبر پختونخوا شریف اللہ کو عہدے سے ہٹا دیا گیا۔

صوبائی الیکشن کمشنر شریف اللہ کو الیکشن کمیشن اسلام آباد رپورٹ کرنے کی ہدایت کر دی گئی۔ اعلامیہ کے مطابق ڈی جی لوکل گورنمنٹ الیکشنز محمد رازق کو الیکشن کمشنر خیبر پختونخوا مقرر کر دیا گیا۔

قبل ازیں خیبرپختونخوا کے بلدیاتی الیکشن کے پہلے مرحلے میں شکست کی وجوہات جاننے کے لیے وزیراعظم عمران خان نے خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ کو بھی طلب کیا تھا جنہوں نے بلدیاتی الیکشن سے متعلق تفصیلی رپورٹ پیش کی تھی۔

وزیراعلیٰ محمود خان کی پیش کردہ رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ ٹکٹوں کی غلط تقسیم اور پارٹی میں بدانتظامی شکست کی بڑی وجوہات بنیں۔ ناراض کارکن پارٹی کے ٹکٹ ہولڈرز کے خلاف الیکشن لڑتے رہے، اس صورت حال میں کہیں بھی پارٹی منظم نظر نہیں آئی۔

بلدیاتی الیکشن میں گورنر، وزرا، ایم پی ایز اور ایم این ایز کے رشتے داروں اور ان کے حمایت یافتہ امیدواروں کو ٹکٹ دیے گئے مگر ان میں سے کئی امیدوار شکست کھا گئے۔ صرف وزیردفاع پرویز خٹک کے صاحبزادے اور اسپیکر اسد قیصرکے کزن ہی الیکشن میں کامیاب ہو سکے۔