Friday, March 29, 2024

  بلدیاتی انتخاب: آزادامیدوارتیسری بڑی پارٹی بن گئے

   بلدیاتی انتخاب: آزادامیدوارتیسری بڑی پارٹی بن گئے
November 1, 2015
  لاہور(92نیوز)پنجاب اور سندھ میں  آزاد امیدوار بلدیاتی انتخابات میں تیسری بڑی پارٹی  کے طور پر سامنے  آئے  ہیں ۔ پنجاب کے بارہ اضلاع میں مسلم لیگ ن کو  واضح برتری حاصل ہے ن لیگ نے گیارہ سو سے زائد نشستیں حاصل کی ہیں ۔ سندھ میں پیپلز پارٹی نے  میدان مار لیا جہاں اس نے چھ سو سے زائد نشستیں حاصل کیں  ۔ تفصیلات کےمطابق اکتیس اکتوبرکو پنجاب اور سندھ کے بیس اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں عوام نے اپنا فیصلہ سنا دیا  سب سےپہلے بات کرتے ہیں لاہور کی ۔ پاکستان تحریک انصاف کو لاہور  میں مسلم لیگ ن کے ہاتھوں وائٹ واش کا سامنا کرنا پڑا ۔ دوسری طرف فیصل  آباد میں عابد شیرعلی  اور رانا ثنا اللہ کی  سیاسی جنگ سے بھی تحریک انصاف کوئی فائدہ حاصل نہ کر سکی۔ پنجاب کے بارہ اضلاع میں انتخاب ہوا  جس میں حکمران پارٹی مسلم لیگ  ن نے  گیارہ اضلاع میں واضح برتری  حاصل کر لی جبکہ چکوال میں بھی حکومت بنانے کی پوزیشن میں  آسکتی ہے ۔ سندھ  کی بات کریں تو سائیں کی کارکردگی پر سائیں کا تجربہ  بازی لے گیا اور سید قائم علی شاہ نے  ایسی چالیں چلیں کہ  سندھ میں پیپلز پارٹی نے  تمام  آٹھ اضلاع میں مخالفین کی ایک نہ چلنے دی ۔  صرف  مسلم لیگ فنکشنل نے مزاحمت کی اور دوسری بڑی پارٹی کے طور پر سامنے آئی ۔ دونوں صوبوں میں  آزاد امیدوار ایک بڑی طاقت کے طور پر  سامنے آئے ہیں  یہ آزاد آخر کون ہیں یہ حکمرانون سے تنگ اور بغاوت پر آمادہ لوگ ہیں اور عوام نے ان کو ووٹ دے کر اپنے غصے کا اظہار کیا ہے یہ اور بات ہے کہ آزادآزاد نہیں رہ سکیں گے ۔ بلدیاتی سیاست میں تھانہ ، پٹواری اور کچہری کا اثر سب سے زیادہ ہوتا ہے اور اس بار بھی نظر آیا ۔