Sunday, April 28, 2024

بلدیاتی الیکشن میں کامیاب ہونیوالا جنرل کونسلر ڈکیت نکلا

بلدیاتی الیکشن میں کامیاب ہونیوالا جنرل کونسلر ڈکیت نکلا
November 2, 2015
لاہور(92نیوز)مسلم لیگ ن کی ٹکٹ پر  تین سو اٹھائیس ووٹ لیکر جنرل کونسلر منتخب ہونے والا طاہر نوید ڈکیت نکلا۔ایس پی کینٹ نے چند روز قبل طاہر نوید کو گرفتار کرکے اسلحہ اور دس سے زائد موبائل فونز اور سمیں برآمد کی تھیں۔ تفصیلات کےمطابق لاہور میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے ایک سو بائیس سے  مسلم لیگ نون کے نومنتخب رکن قومی اسمبلی سردار ایاز صادق  کے حلقے کی یونین کونسل ایک سو چوبیس کے وارڈ نمبر چھے سے  جنرل کونسلر کے کامیاب ہونے والے امیدوار طاہر نوید ڈکیتی کاملزم نکلا ہے جسے پولیس نے اٹھائیس اکتوبرکو گرفتاری کے بعد ایک پریس کانفرنس کے ذریعے میڈیا کے سامنے پیش کیا تھا۔ ایس پی کینٹ امتیاز سرور نے اس بات کا انکشاف کیا تھا کہ ملزم طاہر نوید ڈکیتی کی متعدد وارداتوں میں ملوث رہ چکا ہے اور محکمہ ایکسائز کی کیش وین سے سولہ لاکھ روپے کی ڈکیتی کی تھی ،ملزمان نے دوران تفتیش پانچ لاکھ روپے کی برآمدگی بھی کروادی ہے جبکہ ملزم سے ڈکیتی میں استعمال ہونے والے اسسلحہ سمیت دس سے زائد موبائل  فون اور سمیں بھی برآمد کر لی گئی ہیں۔اکتیس اکتوبر کو ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے دوران ملزم طاہر نوید پولیس کی حراست میں تھا اور حکمران جماعت کی ٹکٹ پر ملزم تین سو اٹھائیس ووٹ لیکر کامیاب قرار پایا ہے تاہم میڈیا پر خبر نشر ہونے کے بعد ن لیگ نے طاہر نوید کی پارٹی رکنیت معطل کردی۔