Thursday, May 9, 2024

بلاول کے گوشواروں میں تضاد،فاروق نائیک کاالیکشن کمیشن کے اختیار پر اعتراض

بلاول کے گوشواروں میں تضاد،فاروق نائیک کاالیکشن کمیشن کے اختیار پر اعتراض
January 14, 2020
اسلام آباد ( 92 نیوز) بلاول بھٹو  کے  گوشواروں میں تضاد پر الیکشن کمیشن میں کرپٹ پریکٹسز کے تحت  کاروائی کیس کی سماعت ہوئی ، بلاول کے وکیل فاروق ایچ نائیک نے الیکشن کمیشن  کے اختیار پر اعتراض اٹھادیا۔ قائم مقام چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں دو رکنی  الیکشن کمیشن نے  بلاول بھٹو کے خلاف کیس کی سماعت کی ، بلاول بھٹو کی جانب سے فاروق ایچ نائیک الیکشن کمیشن کے سامنے پیش ہوئے ۔ فاروق ایچ نائیک نے کہا کہ الیکشن ایکٹ  کے تحت الیکشن کمیشن گوشواروں تضاد پر  کارروائی نہیں کرسکتاجس پر الیکشن کمیشن ممبر   ارشاد قیصر نے کہا کہ  اگر کوئی رکن اثاثہ جات چھپائے یا غلط بیانی کرے تو کرپٹ پریکٹسز کے تحت کاروائی بنتی ہے۔ فاروق ایچ نائیک نے کہا کہ الیکشن کمیشن تضاد پر صرف وضاحت مانگ سکتا ہے،  اثاثہ جات میں تضاد کو کرپٹ پریکٹسز کا ساتھ جوڑنا درست نہیں۔ الیکشن کمیشن نے بلاول بھٹو کے وکیل کو گوشواروں میں تضاد دور کرنے کی ہدایت کردی ، الیکشن کمیشن نے بلاول بھٹو کو 15 روز میں تضاد دور کرنےکی ہدایت کردی۔