Friday, April 26, 2024

بلاول کے ٹویٹ پر مریم ناراض ، پیپلزپارٹی کے اہم رہنماؤں کو آگاہ کر دیا

بلاول کے ٹویٹ پر مریم ناراض ، پیپلزپارٹی کے اہم رہنماؤں کو آگاہ کر دیا
July 24, 2019
لاہور ( روزنامہ 92 نیوز) بلاول کے ٹویٹ پر مریم نواز ناراض ہوگئیں، پیپلزپارٹی کے اہم رہنمائوں کومریم کی ناراضی سے آگاہ کر دیا گیا۔ چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو کی طرف سے دورہ امریکہ کے موقع پر عمران خان کی غیر مشروط حمایت کے ٹویٹ پر مریم نواز سمیت ن لیگ کے کئی رہنماؤں نے نہ صرف ناراضی کا اظہار کیا بلکہ اسے اپوزیشن کے اندر دراڑ ڈالنے کا باعث بھی قرار دیا ہے ۔ مصدقہ ذرائع کا کہنا ہے بلاول بھٹو کی طرف سے ان کے عمران خان کے حوالے سے ٹویٹ کے بعد ن لیگ کے چند اہم رہنماؤں نے پیپلز پارٹی کے بلاول بھٹو کے قریبی ساتھیوں کو پیغام دیا ہے کہ بلاول بھٹو کو اس موقع پر یہ ٹویٹ نہیں کرنا چاہئے تھا۔ اس ٹویٹ کی وجہ سے اپوزیشن کے اندر دراڑیں پڑ سکتی ہیں ۔ہم میں سے اگر کوئی عمران خان کے اس دورہ کے حوالے سے تعریف اور حمایت کرتا ہے تو اس سے حکومت کو تقویت اور اپوزیشن کو نقصان پہنچتا ہے ۔

آصف زرداری کی آٹھ بے نامی جائیدادیں ضبط کر لی گئیں

ذرائع کا کہنا ہے ایک اہم لیگی رہنما نے تو پیپلزپارٹی کی ایک اہم شخصیت کو یہاں تک کہہ دیا کہ کہیں آپ لوگوں کے معاملات تو طے نہیں ہو گئے اور بلاول کہیں اسی لئے امریکہ تو نہیں گیا تھا ۔ذرائع کا کہنا ہے پیپلزپارٹی کی طرف سے ن لیگی رہنماؤں کو کہہ دیا گیا کہ وہ بلاوجہ اور بلا مقصد تنقید کسی صورت برداشت نہیں کریں گے ۔ حکومت نے جو غلط کام کیے ان کیخلاف ن لیگ سے زیادہ پیپلزپارٹی نے سٹینڈ لیا اورپیپلزپارٹی نہیں مگر ن لیگ ڈیل کر سکتی ہے ۔ ذرائع نے اس بات کی تصدیق کی کہ مولانا فضل الرحمان بھی اس معاملے پر بلاول بھٹو سے ناراض ہیں ۔ ذرائع کا کہنا ہے اس ساری صورتحال میں آصف علی زرداری کی ہدایت پر پیپلزپارٹی کے چند اہم رہنما متحرک ہوئے اور انہوں نے ن لیگ اور مولانا فضل الرحمان کو یقین دہانی کرائی کہ وہ اس معاملے پر حکومت کیخلاف اپوزیشن کیساتھ کھڑے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کل 25 جولائی کے یوم سیاہ اور چیئرمین سینٹ کیخلاف تحریک عدم اعتماد کے بعد اپوزیشن کے اختلافات کم ہونے کی بجائے زیادہ ہوتے نظر آرہے ہیں اور اسی وجہ سے بڑا اپوزیشن اتحاد بھی ٹوٹ سکتا ہے ۔