Saturday, April 27, 2024

بلاول کے افطار ڈنر میں حکومت کو ٹف ٹائم دینےکا فیصلہ ، کہانی سامنےآگئی ‏

بلاول کے افطار ڈنر میں حکومت کو ٹف ٹائم دینےکا فیصلہ ، کہانی سامنےآگئی ‏
May 20, 2019
اسلام آباد (92 نیوز)  بلاول کے افطار ڈنر میں حکومت کو ٹف ٹائم دینے کا فیصلہ کیا گیا ، ذرائع کے مطابق   زرداری ہاوس میں ہونے والے  اجلاس  میں سیاست معیشت اور پارلیمانی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ، اپوزیشن نے ملک کی معاشی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا جب کہ  ڈالر سے متعلق وزیر اعظم کے بیانات پر بھی تبصرے  ہوتے رہے ۔ بلاول کے افطار ڈنر میں بلاول  اور  مریم  نے پہلے مرحلے میں  پارلیمنٹ میں حکومت کو آڑے ہاتھوں لینے  کی تجویز  دی، بلاول بھٹو زرداری نے اجلاس سے  خطاب  میں کہا کہ انتخابی نتائج پر تحفظات کے باوجود اسمبلی میں  گئے ،ہم چاہتے تھے کہ غیر جمہوری قوتوں کو راستہ نہ ملے۔ شہباز شریف کے حوالے سے نیب چیئرمین کے انٹرویو پر حمزہ شہباز نے بھی اظہار خیال کیا، شرکاء  نے کہا کہ چیئرمین  نیب نے انٹرویو میں جو باتیں کی ہیں اس سے ان کی  جانبداری واضح ہوگئی۔ اجلاس میں مریم نواز نے میاں نوازشریف کی طبیعت کے بارے میں بھی آگاہی دی، اجلاس میں قبل ازوقت انتخابات یا قومی حکومت کے مطالبے پر بھی  بات ہوئی  ۔حکومت  کو  معیشت، گورنینس اور مہنگائی کو لیکر حکومت کو ٹف ٹائم  دینے  پر اتفاق ہو ا ۔ حکومت کے خلاف تحریک چلانے کا یہ بہترین وقت ہے یا انتظار کیا جائے پر بھی مشورہ کیا گیا ۔ مولانا فضل الرحمان کی جانب سے اپوزیشن کو متحد رہنے پر زور دیا گیا جب کہ  حکومت کے خلاف سڑکوں پر احتجاج  کی تجویز بھی  رکھ دی ۔ اجلاس میں  پارلیمان میں اپوزیشن بالخصوص اپوزیشن لیڈر کے کردار پر بھی بات چیت ہوئی ،قومی اسمبلی میں شہباز شریف اور پنجاب میں حمزہ شہباز کے مزید فعال ہونے پر زور دیا   گیا ۔ شہباز شریف کی صحت بارے بھی اپوزیشن رہنماؤں نے استفسار کیا جس پر لیگی وفد نے یقین دہانی کرائی  کہ شہباز شریف بجٹ سے پہلے واپس آ جائیں گے۔ حزب اختلاف نے  عمران خان اور ان کی ٹیم کو ناکام قرار دے دیا، اپوزیشن جماعتوں کی اکثریت محرم الحرام کے بعد پوری قوت سے سڑکوں پر احتجاج  کی  حامی ہے جب کہ عید کے بعد آل پارٹیز کانفرنس بلانے  پر بھی اتفاق  ہوا ۔