Friday, May 3, 2024

بلاول کو خصوصی سکیورٹی کا حکم کیسے دیں ؟ سندھ ہائیکورٹ

بلاول کو خصوصی سکیورٹی کا حکم کیسے دیں ؟ سندھ ہائیکورٹ
November 24, 2016

کراچی (92نیوز) سندھ ہائی کورٹ نے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو کو سکیورٹی فراہم کرنے سے متعلق درخواست پر قانونی دلائل طلب کر لیے۔ عدالت نے حکم دیا کہ بتایا جائے کہ سکیورٹی فراہم کرنے سے متعلق کیا قانونی پالیسی ہے۔ چیف جسٹس نے ریمارکس میں کہا کہ حیرت ہے بلاول بھٹو اپنی ہی حکومت سے سکیورٹی مانگ رہے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق سندھ ہائی کورٹ میں چیئرمین پیپلزپارٹی کو سکیورٹی فراہم کرنے کی درخواست کی سماعت ہوئی۔ ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے وفاقی حکومت کی جانب سے جواب جمع کرا دیا۔ وفاق کی جانب سے جواب میں کہا گیا کہ بلاول بھٹو کی سکیورٹی کا معاملہ صوبائی ہے اس سے وفاق کا کوئی تعلق نہیں۔

چیف جسٹس کا ریمارکس دیتے ہوئے کہنا تھا کہ سندھ حکومت جسے چاہتی ہے سکیورٹی دیتی ہے اور جس سے چاہے لے لیتی ہے۔ نبیل گبول پارٹی میں تھا تو پروٹوکول کے لیے 50گاڑیاں تھیں جب پارٹی چھوڑی توسکیورٹی کے لیے روتارہا۔ ذوالفقار مرزا کے پاس دوسو گاڑیوں کا پروٹوکول تھا پارٹی سے گئے تو سکیورٹی کے لیے روناپڑا۔ بلاول کے لیے سکیورٹی کا حکم دینگے تو اور بہت درخواستیں آ جائیں گی۔

جو وزرا بلاول سے ملنے دبئی جاتے ہیں اور دوسو گاڑیوں کا قافلہ لیکر گھومتے ہیں بلاول بھٹو ان سے سکیورٹی مانگ رہے ہیں؟ سکیورٹی ہر شہری کا حق ہے بلاول کو خصوصی سکیورٹی کا حکم کیسے دیں۔ حیرت ہے چیئرمین پیپلزپارٹی اپنی ہی حکومت سے سکیورٹی مانگ رہے ہیں۔ اگر بلاول کی سکیورٹی کا حکم دیا تو کئی درخواست گزار سامنے آ جائیں گے۔