Thursday, April 25, 2024

بلاول کو آفیشل پوزیشن کے بغیر میٹنگ میں شامل نہیں ہونا چاہیے تھا: معروف تجزیہ کاروں کی رائے

بلاول کو آفیشل پوزیشن کے بغیر میٹنگ میں شامل نہیں ہونا چاہیے تھا: معروف تجزیہ کاروں کی رائے
July 13, 2015
کراچی (92نیوز) سندھ اپیکس کمیٹی کے حالیہ اجلاس اور سندھ کی صورتحال کے بارے میں ملک کے نامور تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ پیپلزپارٹی اورقومی اداروں کے درمیان تناو ابھی تک کم نہیں ہوا ہے، حالات سنگینی کی طرف بڑھ رہے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق معروف تجزیہ کار ظفر ہلالی کا 92نیوز سے اپیکس کمیٹی کے حالیہ اجلاس میں بلاول بھٹو کی شرکت بارے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی کے چیئرمین کو کسی آفیشل پوزیشن کے بغیر میٹنگ میں شامل نہیں ہونا چاہئے تھا، ان کو حق نہیں پہنچتا کہ وہ بغیر ممبرشپ کے ایسی میٹنگز میں شرکت کریں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ زرداری صاحب اور آرمی کے درمیان عدم اعتماد کا بحران پیدا ہو گیا ہے۔ ظفر ہلالی کا کہنا تھا کہ جن مجرموں کے خلاف کارروائی کی گئی اور وہ بھاگ گئے ہیں ان کیلئے زرداری شور مچا رہا ہے جو غلط بات ہے۔ معروف تجزیہ کار فواد چوہدری کا 92نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ مجھے نہیں لگتا کہ زرداری کی تقریر سے جو غلط فہمیاں پیدا ہوئی تھیں وہ کم ہوئی ہیں اور ان معاملات میں منظور کاکا اور نثار مورائی کی حوالگی تک بہتری ممکن نہیں۔ فوج ان افراد کی حوالگی چاہتی ہے اورپیپلزپارٹی ایسا کرنے کو تیار نہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ سندھ میں حالات گورنر رول اور بریک ڈاون کی طرف جا رہے ہیں۔ فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ آصف زرداری نے فوج اور پیپلزپارٹی کے تعلق بہت نقصان پہنچایا ہے۔