Saturday, April 20, 2024

بلاول بھٹو گلگت بلتستان کے 22 روزہ دورے پر اسکردو پہنچ گئے

بلاول بھٹو گلگت بلتستان کے 22 روزہ دورے پر اسکردو پہنچ گئے
October 22, 2020

گلگت (92 نیوز) گلگت بلتستان میں انتخابی سرگرمیاں عروج پر پہنچ گئیں ، چیئرمین  پاکستان  پیپلز پارٹی بلاول بھٹو گلگت بلتستان  کے 22 روزہ دورے پر سکردو پہنچ گئے ، ان کا کہناتھا کہ  وہ عوام کے پاس اپنا منشورلے کر آئے ہیں  ، گھر گھر الیکشن مہم چلائیں گے۔

چیئرمین پاکستان  پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کراچی سے خصوصی طیارے کے ذریعے سکردو پہنچے ، اسکردو ائیرپورٹ پر عوام کی جانب سے ان کا والہانہ استقبال کیاگیا ، بلتستان ڈویژن کی اہم سڑکوں کو استقبالیہ بینرز اور جھنڈوں سے سجایا گیا تھا ، جیالوں کا رقص، زبردست نعرے بازی، گل پاشی بھی کی گئی۔

بلاول بھٹو زرداری نے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ  گلگت بلتستان کے عوام کے پاس اپنا منشورلے کر آئے ہیں ، گھر گھر الیکشن مہم چلائیں گے۔

بلاول بھٹو زرداری سکردو سے ضلع گانچھے روانہ ہوگئے۔ گانچھے میں خواتین اور بچوں نے ان کا استقبال کیا  ، خواتین نے بلاول بھٹو کو مقامی خشک میوہ جات اور سوغات بھی پیش کیں ۔