Tuesday, May 7, 2024

بلاول بھٹو کی گرفتاری خطرناک کھیل ہو گا، خورشید شاہ

بلاول بھٹو کی گرفتاری خطرناک کھیل ہو گا، خورشید شاہ
December 30, 2018
سکھر (92 نیوز) رہنما پیپلز پارٹی خورشید شاہ نے کہا بلاول بھٹو کی گرفتاری خطرناک کھیل ہو گا جس کے لیے دل گردہ چاہیے۔ رہنما پیپلزپارٹی خورشید شاہ نے سکھر میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سندھ میں گورنر راج لگانا ممکن نہیں۔ آئین اور قانون میں کوئی گنجائش نہیں۔ مارشل لا کے ذریعے آئین ختم کر کے گورنر راج لگایا جا سکتا ہے۔ رہنما پیپلزپارٹی خورشید شاہ نے کہا آئین ختم کرنے کی کوشش کامیاب نہیں ہو گی۔ گورنر راج کا نفاذ ملک کے لیے بہتر نہیں ہو گا۔ آئین وفاق کی مضبوطی کی ضمانت ہے۔ آئین کو چھیڑا گیا تو پاکستان کی سالمیت کو خطرہ لاحق ہو گا۔ خورشید شاہ نے کہا سندھ میں ان ہاوس تبدیلی کی ضرورت نہیں۔ مفروضوں پر کیسز بنائے گئے۔ ملک میں ون پارٹی سسٹم بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ نظر آتا ہے جیسے سویلین مارشل لا لگانے کی کوشش  کی جا رہی ہے۔ انھوں نے کہا کہ اس قسم کی سیاست سے ایک پارٹی کو مضبوط اور باقیوں کو کمزور کیا جا رہا ہے۔ سیاسی جماعتوں کو ایسے ختم کرنے میں کامیاب نہیں ہوں گے۔ اس کھیل کے اثرات کے ذمہ دار یہ لوگ ہوں گے۔ ایسے غیر قانونی اقدام سے یہ آئین اور قانون کے کٹہرے میں کھڑے ہوں گے۔ رہنما پیپلزپارٹی نے کہا عمران خان عوامی مینڈیٹ کے ذریعے اقتدار میں نہیں آئے۔ انہیں لایا گیا۔ عمران خان کو جیسے لایا گیا سب جانتے ہیں۔ خورشید شاہ  کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان اپنی ناکامی چھپانے کے لیے اوچھے ہتھکنڈوں سے بیلنس کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ عمران خان ملک میں بحران اور غیر یقنی صورتحال پیدا کر رہا ہے۔ عمران خان نے سیاستدانوں کی گرفتاری کے علاوہ کچھ نہیں کیا۔ سیاستدانوں سے جیلیں بھرنا پاکستان کے لیے اچھا نہیں ہے۔ عمران خان سے وہ کام کرائے جا رہے جو کوئی سیاستدان نہ کرتا۔