Wednesday, April 24, 2024

بلاول بھٹو کی سندھ حکومت کو مستحق افراد کے گھر راشن پہنچانے کی ہدایت

بلاول بھٹو کی سندھ حکومت کو مستحق افراد کے گھر راشن پہنچانے کی ہدایت
March 29, 2020
کراچی (92 نیوز) بلاول بھٹو زرداری کی زیرصدارت یومیہ اجرت والے افراد سے متعلق اجلاس ہوا۔ بلاول بھٹو نے سندھ حکومت کو مستحق افراد کے گھر راشن پہنچانے کی ہدایت کر دی۔ اجلاس میں وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ، ناصر شاہ، امتیاز شیخ اور مرتضی وہاب کی شرکت ہوئی۔ اجلاس میں وڈیو لنک کے ذریعے سعید غنی اور حارث گزدر کی بھی شرکت ہوئی۔ بلاول بھٹو زرداری کو وزیر اعلی مراد علی شاہ نے حکومت کی کارکردگی سے آگاہ کیا۔ بلاول بھٹو نے کہا سندھ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ کوئی ایک مستحق بھی کہیں بھوکا نہ رہ جائے۔ سندھ حکومت ہر مستحق کے گھر پہنچے۔ مستحق افراد کی امداد کے حوالے سے کوئی کوتاہی برداشت نہیں کروں گا۔ بلاول بھٹو کا کہنا تھا ایسا نظام بنانا ہوگا کہ حکومت، فلاحی ادارے اور مخیر حضرات ایک پلیٹ فارم سے مدد کریں۔ سندھ حکومت مخیرحضرات اور فلاحی اداروں کے ذمہ داران سے مشاورت کریں۔ مخیرحضرات اور فلاحی ادارے مستحق افراد کی مدد کیلئے سندھ حکومت کے بازو بنیں۔ اگر کوئی اپنے پڑوسی کی مدد کرسکتا ہے تو وہ بھی اس سخت وقت میں اپنا حصہ ڈالے۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کورونا وائرس کے بحران سے ہم سب کو مل کر لڑنا ہو گا۔ لاک ڈاؤن کا عمل طویل ہونے کی صورت میں سندھ حکومت کے پاس مکمل منصوبہ بندی ہونا چاہئیے۔ سندھ میں کورونا سے مشتبہ افراد کی زیادہ سے زیادہ اسکریننگ کا عمل جاری رکھی جائے۔ کرونا ایمرجنسی سینٹرز اور اسپتالوں میں ہمارے ڈاکٹرز بہترین کام کررہے ہیں۔ میں ڈاکٹرز اور دیگر طبی عملے کو ان کی خدمات پر سلام پیش کرتا ہوں۔