Thursday, March 28, 2024

بلاول بھٹو کی ریلی پر حملے کا مقدمہ کلری تھانے میں درج

بلاول بھٹو کی ریلی پر حملے کا مقدمہ کلری تھانے میں درج
July 2, 2018
کراچی (92 نیوز) پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے گزشتہ روز جیالوں کے گڑھ لیاری سے انتخابی مہم کا آغاز ریلی نکال کر کیا لیکن پہلی ہی انتخابی مہم جیالے چیئرمین کیلئے بڑا امتحان بن گئی ۔ علاقہ مکینوں نے پتھراؤ سے استقبال کیا ۔ کلری تھانے میں واقعے کا مقدمہ سرکار کی مدعیت میں درج کر لیا گیا ۔ مقدمے میں حاجی باوا رفیق بنگورہ، اسماعیل اور کاشان سمیت 13 ملزمان نامزد ہیں۔ملزمان پر عوام کو مشتعل کرنے کا الزام  شامل کیا گیا ۔ ایف آئی آر میں بلوہ، فساد، جھگڑا اور کار سرکار میں مداخلت کی دفعات بھی شامل کی گئی۔ پی پی چیئرمین آج کراچی سے حیدرآباد کیلئے ریلی کی صورت میں روانہ ہوں گے ۔ ریلی ملیر سے شروع ہو کر گھگرپھاٹک پہنچے گی جہاں مزید چھوٹی ریلیاں شامل ہو کر گھارو، ٹھٹھہ، سجاول، بدن اور ٹنڈومحمد خان سے ہوتی ہوئی حیدرآباد پہنچے گی ۔ قبل ازیں کراچی کے علاقے لیاری میں بلاول بھٹو زرداری کے انتخابی قافلے  پر علاقہ مکینوں کی جانب سے پتھراؤں کیا گیا، پتھراؤ کے بعد بلاول بھٹو زرداری کے حامی اور مخالفین آمنے سامنے آگئے جس سے علاقہ میدان جنگ بن گیا، پتھراؤ کے باعث ایک جیالہ بھی زخمی ہو گیا۔ پتھراؤ سے دو افراد زخمی بھی ہوگئے ۔ مشتعل افراد کا غصہ ٹھنڈا نہ ہوا تو بلاول کی گاڑی پر ڈنڈے بھی برسا دیئے ، صورتحال کشیدہ ہونے پر پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی تاہم صورتحال کو بھانپتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے ریلی کا راستہ تبدیل کرنے میں ہی عافیت جانی ۔