Sunday, May 19, 2024

بلاول بھٹو کا پھر محسن داوڑ اور علی وزیر کے پروڈکشن آرڈر جاری کرنے کا مطالبہ

بلاول بھٹو کا پھر محسن داوڑ اور علی وزیر کے پروڈکشن آرڈر جاری کرنے کا مطالبہ
May 31, 2019
 اسلام آباد (92 نیوز) پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پھر محسن داوڑ اور علی وزیر کے پروڈکشن آرڈر جاری کرنے کا مطالبہ کردیا۔ میڈیا سے گفتگو میں بلاول بھٹو نے کہا آج جو پارلیمنٹ میں ہوا وہ جمہوریت نہیں آمرانہ طریقہ ہے۔ مشرف کی باقیات مشرف کی روایات اپنا رہے ہیں۔ بلاول بھٹو بولے اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ ناروا سلوک کیا جارہا ہے۔ شاہد خاقان بولے حکومت نے عدلیہ کو دبانے کی بدترین مثال قائم کی ہے۔ حکومت جج صاحبان کیخلاف ریفرنس واپس لے۔ تمام اپوزیشن ارکان حکومت کیخلاف اکٹھے ہیں۔ آواز کو دبایا جارہا ہے۔ ملکی مسائل کوایوان میں پیش نہیں کیا جارہا۔ وفاقی وزیرعلی محمد نے محسن داوڑ اور علی وزیر کی رکنیت ختم کرنے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ کسی کو پختون کارڈ استعمال کرنے نہیں دیا جائے گا، جو پاکستان کے جھنڈے کو نہیں مانتا، اس کی اسمبلی میں جگہ نہیں۔ اس پر اپوزیشن ارکان نے ہنگامہ شروع کر دیا۔ ارکان نے پلے کارڈز اٹھا کر اسپیکر ڈائس کا گھیراؤ کر لیا۔ گرما گرمی کے بعد حکومتی اور اپوزیشن ارکان گتھم گتھا ہو گئے۔ اجلاس کے دوران شہریار آفریدی نے بھی اظہار خیال کیا۔ ان کا کہنا تھا اپنی دکان داری چمکانے کی بجائے پاکستان کے ساتھ وفاداری دکھائیں، احتجاج کے باعث ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری کو قومی اسمبلی کا اجلاس ملتوی کرنا پڑا۔