Saturday, April 27, 2024

بلاول بھٹو نے کرپشن کے خلاف عمران خان کی مہم قوم کے ساتھ فراڈ قرار دے دی

بلاول بھٹو نے کرپشن کے خلاف عمران خان کی مہم قوم کے ساتھ فراڈ قرار دے دی
May 12, 2021

اسلام آباد (92 نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے کرپشن کے خلاف عمران خان کی مہم قوم کے ساتھ فراڈ قرار دے دی۔

بلاول بھٹو نے کہا عوام احتساب کے جھوٹے نعرے کے جھانسے میں نہیں آئیں گے۔ جھوٹا واویلا کرکے عمران خان نے ملک کو بلیک لسٹ ہونے کے دہانے پر پہنچا دیا۔ یورپی یونین سے جی ایس پی پلس کا درجہ بھی داؤ پر لگا دیا ہے۔ پاکستان پیپلزپارٹی نے گرے لسٹ سے نکلنے کیلئے جو مؤثر حکمت عملی بنائی تھی، اگر عمران خان اس پر ہی عمل کر لیتے تو ملک کا فائدہ ہو جاتا۔ کرپشن کے خلاف عمران خان کی مہم دراصل قوم کے ساتھ ہونے والا ایک ایسا فراڈ ہے جس نے ملک کے روشن مستقبل پر بھی سوالیہ نشان لگا دئیے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا پاکستان پیپلز پارٹی  مسلسل نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کا مطالبہ کرتی رہی، مگر حکومت نے ایسا نہ کیا اور معیشت پر بھی اس کے منفی اثرات پڑے۔ آج عوام مہنگائی کی وجہ سے بنیادی ضرورتوں سے بھی محروم ہو رہے ہیں۔