Friday, May 10, 2024

بلاول بھٹو نے بل کا مسودہ پارلیمنٹ میں دکھانے کا مطالبہ کردیا

بلاول بھٹو نے بل کا مسودہ پارلیمنٹ میں دکھانے کا مطالبہ کردیا
January 7, 2020
اسلام آباد (92 نیوز) چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے بل کا مسودہ پارلیمنٹ میں دکھانے کا مطالبہ کردیا۔ کہتے ہیں  سپریم کورٹ نے  آرٹیکل دو سو تینتالیس کی شق تین میں ترمیم کا کہا لیکن حکومت آرٹیکل دو سو تینتالیس کی شق چار میں کررہی ہے۔ بلاول بھٹو نے پارلیمنٹ کے باہر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایران اور امریکا کے حوالے سے اتنا اہم ایشو ہے اور ہمارے وزیرخارجہ نے آج سینیٹ اور قومی اسمبلی میں گول مول بات کی۔ انہوں نے کہا کہ ہم آج بھی افغانستان کے اثرات بھگت رہے ہیں، چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو اگر خطے میں ایک اور جنگ شروع ہوئی تو اس کے اثرات بھی پاکستان پر پڑیں گے۔ چیئرمین پیپلز پارٹی کہتے ہیں کہ حکومت وقت کو چاہئے کہ وہ موجودہ صورتحال میں عوام کو اعتماد میں لے، وزیراعظم اور وزیرخارجہ کو عوام کو اس حوالے سے اطمینان دلانا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ پارلیمان پاکستان کی تاریخ میں سب سے کمزور ہے ، جمہوریت کے ساتھ کھیلیں گے تو پیپلزپارٹی آپ کا ساتھ نہیں دے گی۔ ہم چاہتے ہیں کہ پاکستان ایف اے ٹی ایف کے معیار پر پورا اترے، اس کا یہ مطلب نہیں کہ پاکستان کی سالمیت پر حرف آئے۔ بلاول بھٹو مزید بولے کہ آج پارلیمنٹ میں پیش ہونے والا معلومات کے تبادلے کا بل انتہائی خطرناک ہے، ہم نے اس بل کی آج بھی مخالفت کی آئندہ بھی کریں گے۔