Friday, April 19, 2024

بلاول بھٹو نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے کو مسترد کر دیا

بلاول بھٹو نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے کو مسترد کر دیا
September 16, 2021 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے کو مسترد کر دیا۔

بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے وزیراعظم سے سوال کیا گیا ہے کہ پیٹرول مزید 5 روپے فی لیٹر مہنگا ہو گیا۔ عمران خان بتائیں قوم کے اچھے دن کب آئیں گے۔ ان کا کہنا ہے کہ پیٹرول تاریخ کی بلندترین سطح پر پہنچا کر عمران خان نے عوام کی جیبوں پرڈاکہ مارا۔

چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا ہے کہ ڈالر اور پیٹرول ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر ہوں گے تو ہر چیز عوام کی دسترس سے دور ہوتی چلی جائے گی۔ عمران خان نے کہا تھا کہ میں رلاؤں گا، آج پوری قوم رو رہی ہے اور عمران خان چین کی بانسری بجا رہے ہیں۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ بجٹ کے بعد عوام کو ریلیف پہنچانے کے وہ بڑے بڑے دعوے کہاں گئے؟ سستا پیٹرول دینے کا جھوٹ بول کر اقتدارمیں آنے والے آج تاریخ کا مہنگا ترین پیٹرول بیچ کر اس کا دفاع بھی کر رہے ہیں۔ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے جمع اربوں روپے پی ٹی آئی حکومت کرپشن میں اڑا دے گی۔

ادھر لیگی رہنما عظمی بخاری نے کہا رات بارہ بجے جو چاند چڑھا سب نے دیکھ لیا۔ اب ترجمان کیلکولیٹر نکال کر بتاتے پھریں گے کہ دیگر ملکوں کی نسبت پاکستان میں پٹرول کی قیمت ابھی بھی کم ہے۔ عمران خان کو پوری دنیا کا پتا ہے مگر پاکستان کے عوام کی کچھ خبر نہیں۔ پٹرولیم قیمتیں بڑھانے سے مہنگائی کا نیا طوفان آئے گا۔

رہنما نون لیگ مریم اورنگزیب نے کہا ملکی قرض ، ڈالر اور پٹرول کی قیمت بلند ترین سطح پر ہے۔ عمران خان استعفی دیں اور عوام کی جان چھوڑیں۔

امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے پٹرولیم لیوی اور ڈرگ پرائسنگ پالیسی ختم کرنے کا مطالبہ کر دیا۔