Friday, April 19, 2024

بلاول بھٹو نے نیب پیشی کے دوران گرفتار کارکنوں کی رہائی کا مطالبہ کر دیا

بلاول بھٹو نے نیب پیشی کے دوران گرفتار کارکنوں کی رہائی کا مطالبہ کر دیا
March 20, 2019

 اسلام آباد (92 نیوز) بلاول بھٹو نے نیب پیشی کے دوران گرفتار کارکنوں کی رہائی کا مطالبہ کر دیا اور کہا کارکنوں کو رہا نہ کیا گیا تو سیریس ایکشن لیں گے۔

 نیب پیشی کے بعد اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری  کارکنوں کی گرفتاریوں پر برس پڑے اور کہا حکومت نے ہمارے کارکنوں کیخلاف غیر قانونی ایکشن لیا، انہیں فوری طور پر رہا کیا جائے۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ مشرف دور میں نیب کو سیاسی انجینئرنگ کیلئے استعمال کیا گیا، جب تک سب کیخلاف یکساں ایکشن نہیں ہو گا، کرپشن ختم نہیں ہو گی۔

بلاول نے کہا کہ چیف جسٹس آف پاکستان نے سب کے سامنے کہا میں بے گناہ ہوں، تحریری حکم کے باوجود میرا نام کیس سے نہیں نکالا گیا۔  

 بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ حکومت منافق ہے ،یہ کبھی بھی کالعدم تنظیموں کیخلاف سنجیدگی سے ایکشن نہیں لے گی ،کالعدم تنظیموں سے تعلق رکھنے والے وزرا کیخلاف ایکشن لینا چاہیے۔  

بلاول نے حکومت پر الزام لگایا کہ وہ اپوزیشن کیخلاف  سخت رویہ رکھتی ہے جبکہ بھارت کی طرف سے حملے کے بعد مودی کو ہمارے وزیر اعظم مس کال کرتے رہے۔

بلاول کا کہنا تھا کہ سابق صدر آصف زرداری نے کچھ غلط نہیں کیا، نیب انہیں گرفتار نہیں کر سکے گا، عدلیہ کا احترام کرتے ہیں، اسکا ہر فیصلہ قبول کریں گے۔