Thursday, March 28, 2024

بلاول بھٹو نے ملک گیر احتجاج کا عندیہ دیدیا

بلاول بھٹو نے ملک گیر احتجاج کا عندیہ دیدیا
June 7, 2019
کراچی (92 نیوز) چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے کہا لے پالک حکومت نے معیشت کا بیڑا غرق کر دیا۔ یہ زیادہ عرصہ نہیں چل سکتی۔ ملک بچانے کیلئے لوگ سڑکوں پر آئیں۔ سندھ کی سیاست میں بڑی ہلچل مچ گئی۔ پی ٹی آئی اور جی ڈی اے سے ناراض مہربرداران بلاول بھٹو زرداری سے نوابشاہ پہنچ گئے۔ عمران خان کابینہ کا حصہ رہنے والے وفاقی وزیر مرحوم علی محمد مہر کے صاحبزادوں بنگل خان مہر اوراحمد علی مہر نے نوابشاہ میں بلاول بھٹو سے ملاقات کی اورضمنی الیکشن پر تبادلہ خیال کیا۔ سیاسی پنڈت اس ملاقات کو تبدیلی کا اشارہ قرار دے رہے  ہیں کیونکہ مہر برادران  علی محمد مہر کے انتقال پر تعزیت  کےلئے نہ آنے پر وزیراعظم عمران خان سے ناراض ہیں۔ دوسری جانب خطروں کے کھلاڑی آصف علی زرداری کی گرفتاری کا امکان ہے۔ جیالوں نے بھی حکمت عملی بنالی ہے۔ دس جون کو مرکزی مجلس عاملہ کا اجلاس اسلام آباد میں ہو گا۔ اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ رابطوں اور حکومت مخالف ملک گیر رابطہ مہم پر تبادلہ خیال بھی کیا جائے گا۔ سیاسی ومعاشی مسائل میں گھری حکومت کے لیے ہائی پروفائل آصف زرداری کی گرفتاری کی صورت سیاسی قیمت چکانا ممکن ہو گا اسکا فیصلہ جلد سامنے آجائے گا۔ بلاول بھٹو زرداری نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ نااہل حکومت کے خلاف سڑکوں پر آئیں۔