Thursday, April 18, 2024

بلاول بھٹو نے لاک ڈاؤن کو کورونا پر قابو پانے کا آخری حل قرار دیدیا

بلاول بھٹو نے لاک ڈاؤن کو کورونا پر قابو پانے کا آخری حل قرار دیدیا
March 21, 2020

کراچی ( 92 نیوز)   پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو  زرداری نے لاک ڈاؤن کو کورونا وائرس پر قابو پانے کا واحد حل قرار دے دیا ، ٹویٹر پر پیغام میں  بلاول کا کہنا تھا کہ  پاکستان کو مکمل لاک ڈاؤن کی جانب ہر صورت جانا ہوگا ، ہر دن اور گھنٹے کی تاخیر وبائی آفت سے مقابلے کو مشکل بنا رہی ہے ۔

چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ  ہم لاک ڈاؤن کرنے میں پہلے ہی تاخیر کا شکار ہیں، اک ڈاؤن پہلے ہوجانا چاہئے تھا،  ہمیں جلد از جلد بحران میں کمی کے لئے لاک ڈاؤن کا حتمی فیصلہ لینا ہوگا،  کوئی صوبہ تنِ تنہا کرونا وائرس کے بحران کا مقابلہ نہیں کرسکتا۔

انہوں نے کہا کہ  ہمیں لاک ڈاؤن کو قابل عمل بنانے کیلئے وفاقی حکومت کی پوری مدد چاہئے ، ہمیں لوگوں کے زیادہ سے زیادہ ٹیسٹ کرنے اور ضرورت مندوں کی مدد کیلئے وفاقی حکومت کی پوری مدد چاہئے ،  جہاں ہم اچھے کیلئے پُرامید ہیں، وہیں بدترین کیلئے بھی تیار ہیں،  اگر بدترین صورت حال پیش آئی تو ہمارا صحت کا نظام اتنی استطاعت نہیں رکھتا، ہمیں دوسرے ممالک کے تجربات سے سیکھنے کی ضرورت ہے۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ مسئلہ یہ نہیں ہے کہ ہم کیا کریں گے، مسئلہ یہ ہے کہ ہم کب کریں گے، جب تک حکومت لاک ڈاؤن کیلئے تیار نہیں ہوجاتی عوام اپنے گھروں پر رہیں،  شہری خود کو اور دوسروں کو محفوظ رکھنے کے لئے گھروں پر رہیں۔