Sunday, September 8, 2024

بلاول بھٹو منگل کو وطن لوٹیں گے

بلاول بھٹو منگل کو وطن لوٹیں گے
July 10, 2016
  لاہور(92نیوز)چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو برطانیہ میں قیام کے بعد منگل کو وطن واپس آ رہے ہیں وہ آزاد کشمیر میں انتخابی محاذ گرمانے کیلئے جلسوں سے خطاب کریں گے اور حکومت مخالف تحریک کا میدان سجانے کیلئے اسلام آباد میں بیٹھ کر صف بندی کریں گے۔ تفصیلات کےمطابق  پیپلز پارٹی کے نوجوان قائد منگل کو واپسی کے بعد اسلام آباد میں ڈیرے ڈالیں گے۔ بلاول بھٹو 21 جولائی کو آزاد کشمیر کے عام انتخابات کے حوالے سے اہم اجلاسوں کی صدارت کریں گے جبکہ 14 جولائی کو راولاکوٹ اور 16 جولائی کو مظفرآباد میں جلسوں سے خطاب کریں گے۔ بلاول بھٹو نے مظفرآباد میں انتخابی مہم کے دوران ہونے والے پرتشدد واقعات کی مذمت کرتے ہوئے مقامی قیادت سے رپورٹ بھی مانگ لی ہے۔ ذرائع کے مطابق بلاول بھٹو اسلام آباد میں قیام کے دوران پاناما لیکس کی بنیاد پر حکومت کے خلاف اٹھنے والی حزب اختلاف کی تحریک کے سلسلے میں پارٹی رہنماﺅں سے مشاورت کریں گے،آزاد کشمیر کے انتخابات کے بعد چیئرمین پیپلز پارٹی پورا زور نواز حکومت کے خلاف عوامی میدان سجانے پر لگائیں گے، جس کیلئے انہوں نے اگست تک پارٹی کی تنظیمیں مکمل کرنے کی ہدایات پہلے سے دے رکھی ہیں