Thursday, April 25, 2024

بلاول بھٹو سندھ کو وفاق سے ملنے والے فنڈز کا حساب دیں، فرخ حبیب

بلاول بھٹو سندھ کو وفاق سے ملنے والے فنڈز کا حساب دیں، فرخ حبیب
August 10, 2021 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) وزیر مملکت فرخ حبیب کا کہنا ہے، بلاول بھٹو سندھ کو وفاق سے ملنے والے فنڈز کا حساب دیں۔ 

فرخ حبیب کا میڈیا سے گفتگو میں کہنا تھا، این ایف سی کی مد میں وفاق نے دو ہزار ارب روپے دیئے، وہ کہاں خرچ ہوئے؟ وفاق اب پیسے سندھ حکومت کو دینے کی بجائے صوبے کے عوام پر لگائے گا۔

وزیر مملکت نے کہا، سندھ حکومت نے کراچی کے کئی مسائل پر توجہ نہیں دی، گرین لائن، سرکولر ریلوے اور نالوں کی صفائی کے منصوبے وفاق مکمل کر رہا ہے۔ وفاقی حکومت نے کراچی کی ترقی کیلئے اربوں روپے کے خصوصی پیکج کا اعلان کیا۔

اُنہوں نے کہا، سندھ میں 14 ارب روپے کی گندم چوری ہوجاتی ہے تو کہا جاتا ہے کہ چوہے کھا گئے۔ کراچی کے شہریوں کو پانی کی فراہمی کے بڑے منصوبے ’’کے فور‘‘ میں سندھ حکومت رکاوٹ بنی رہی۔

اُن کا کہنا تھا کہ، گرین لائن منصوبے کے تحت 80 بسیں پہنچ رہی ہیں  جس سے شہریوں کو جدید ٹرانسپورٹ کی سہولت میسر ہوگی۔ احساس کیش پروگرام کے تحت سندھ میں وفاق نے 66 ارب روپے مستحق خاندانوں میں تقسیم کئے۔

فرخ حبیب مزید بولے کہ، سندھ حکومت کرپشن ، بدعنوانی اور منی لانڈرنگ میں سب سے آگے ہے، کراچی اور سندھ کے عوام کو معلوم ہے کہ ان کے مسائل کا حل وزیراعظم عمران خان ہی نکال سکتے ہیں۔