Friday, April 26, 2024

بلاول بھٹو زرداری کا پارلیمان کو غیر فعال کرنے اور سیاسی بنیاد پر گرفتاریوں کا الزام

بلاول بھٹو زرداری کا پارلیمان کو غیر فعال کرنے اور سیاسی بنیاد پر گرفتاریوں کا الزام
January 30, 2020
 اسلام آباد (92 نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پارلیمان کو غیر فعال کرنے اور سیاسی بنیاد پر گرفتاریوں کا الزام لگا دیا۔ بلاول بھٹو زرداری نے پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو میں کہا آج پھر سے پارلیمان کو بلڈوز کرنے کی کوشش کی گئی۔ آج وقت سے پہلے اجلاس بلایا گیا ہے۔ معاشی بحران آٹے کے بحران پر اجلاس نہیں بلایا گیا۔ آج حکومت نے آرڈیننس پاس کروانے کیلئے اجلاس بلایا۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بولے سیاسی گرفتاریوں کا سلسلہ پھر سے شروع ہو چکا ہے۔ پیپلزپارٹی اس عمل کی شدید مذمت کرتی ہے۔ ہم حکومت کو سمجھانے کی کوشش کر رہے ہیں کہ جمہوریت کو چلنے دینا چاہئے۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ایک پاکستان میں دو قانون نہیں ہو سکتے۔ ایک نہیں دو پاکستان کا سلسلہ ہر جگہ نظر آ رہا ہے۔ پنجاب میں بہت اچھا آئی جی بھیجا گیا تھا۔ اسے بھی چند ہفتوں بعد تبدیل کردیا گیا تھا۔ خیبرپختونخواہ میں بھی آئی جیز تبدیل کیے  گئے۔ آئی جی سندھ کے لیے ہم نے پانچ نام بھیجے۔ آئی جی کی تبدیلی کے لیے وزیراعظم سے وعدہ بھی لیا۔ اس سب کے باوجود سندھ کا آئی جی تبدیل نہیں ہوا۔ اس کا نقصان سندھ کی عوام کو ہورہا ہے۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے یہ بھی کہا پیپلزپارٹی کی حکومت نے فاٹا کی عوام کے لیے سب سے زیادہ پیسہ رکھا تھا۔ ہمارے دور میں بھی آپریشنز ہوئے، ہم نے ایک سال کے اندر ہی آئی ڈی پیز کو گھر بھیجا تھا۔ ہم مطالبہ کرتے ہیں آئی ڈی پیز کے مسئلے کو حل کیا جائے۔ عمران خان جب اپوزیشن میں تھے تو آئی ڈی پیز کے مسئلے کو خوب اٹھاتے تھے۔ عمران خان کی حکومت کو آئی ڈی پیز کو گھر بھیجنا چاہئے۔