Friday, May 3, 2024

بلاول بھٹو کا الیکشن لڑنے کا فیصلہ‘ دبئی سے منظوری درکار

بلاول بھٹو کا الیکشن لڑنے کا فیصلہ‘ دبئی سے منظوری درکار
November 24, 2016

اسلام آباد (92نیوز) پیپلزپارٹی رہنماوں کے اصرار پر بلاول بھٹو زرداری نے پارلیمانی سیاست میں آنے کا فیصلہ کر لیا۔ این اے 204 لاڑکانہ سے الیکشن لڑا جائے یا لیاری سے فیصلہ دبئی میں ہو گا۔ پیپلز پارٹی ذرائع کے مطابق بدھ کی شب زرداری ہاﺅس میں ہونے والے عشائیہ کے دوران پیپلز پارٹی رہنماوں کی اکثریت نے بلاول بھٹو زرداری کو پارلیمانی سیاست میں حصہ لینے کا مشورہ دے ڈالا۔ چند رہنماوں نے تو اصرار کیا کہ بلاول بھٹو زرداری کو جلدازجلد ضمنی انتخاب لڑ کر پارلیمانی سیاست کا حصہ بن جانا چاہیے۔

ذرائع کے مطابق سینئر پارٹی رہنماوں نے بلاول بھٹو زرداری کو این اے 204 لاڑکانہ سے ضمنی الیکشن لڑنے کا مشورہ دے دیا۔ اس نشست سے فی الوقت ایاز سومرو ایم این اے ہیں۔ یہ وہی نشست ہے جہاں سے سابق وزیراعظم بینظیر بھٹو بھی منتخب ہوتی رہی ہیں۔ ذرائع کے مطابق بلاول بھٹو کے ضمنی نتخاب میں حصہ لینے کے لیے لیاری سے الیکشن لڑنے کا آپشن بھی موجود ہے۔

پیپلز پارٹی ذرائع کے مطابق بلاول بھٹو زرداری نے پارلیمانی سیاست کا حصہ بننے پر اتفاق کر لیا ہے۔ بلاول بھٹو زرداری لاڑکانہ سے اپنی والدہ کی نشست سے الیکشن لڑنا چاہتے ہیں تاہم بلاول بھٹو زرداری کو ضمنی انتخاب لڑایا جائے یا وہ 2018ءکے عام انتخابات میں حصہ لیں گے‘ یہ فیصلہ آئندہ چند روز کے دوران آصف زرداری کی سربراہی میں دبئی میں ہونے والے اجلاس میں ہو گا۔