Tuesday, May 21, 2024

بلاول بھٹو زرداری کا آج کی قانون سازی ماننے سے انکار

بلاول بھٹو زرداری کا آج کی قانون سازی ماننے سے انکار
November 17, 2021 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں آج کی قانون سازی ماننے سے انکار کردیا۔

بلاول بھٹو نے پارلیمنٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا بل منظور کرنے کیلئے حکومت کے پاس دو سو بائیس ارکان ہونا لازم تھا، معاملہ ہر فورم پر لے کر جائیں گے، سپریم کورٹ میں چیلنج کریں گے۔

اُنہوں نے کہا کہ آج ای وی ایم کا قانون نہیں بنا، کلبھوشن کو این آر او نہیں ملا، حکومت نے طاقت کے ذریعے قانون سازی کی کوشش کی، جو ارکان آنا نہیں چاہتے تھے ان کے گھر پولیس پہنچ گئی۔

اس سے قبل پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب میں بلاول بھٹو نے ای وی ایم سے متعلق قانون کی منظوری پر عدالت جانے کا اعلان کیا۔

انہوں نے کہا ووٹنگ مشین زبردستی پاس کرائی جارہی ہے۔ اپوزیشن کے اعتراضات قبول نہیں تو ہم اگلا الیکشن ہی نہیں مانتے۔ متحدہ اپوزیشن پارلیمنٹ کے اندر اور باہر حکومت کے خلاف احتجاج کرے گی۔ اگر سب مل کر قانون سازی کرتے تو اگلا الیکشن متنازعہ نہیں ہو گا۔

بلاول بھٹو نے اوورسیز پاکستانیز کو ووٹ کے حق کی بھی حمایت کی اور کہا واشنگٹن میں ووٹ لاہور کے لیے ڈالا جائے اور نکلے سبی سے تو ایسے ووٹ کو ہم نہیں مانتے۔ عوام کے ووٹ پر ڈاکہ ڈالا جا رہا ہے۔ اپوزیشن کے اعتراضات نہیں مانتے تو اگلا الیکشن تسلیم نہیں کریں گے۔ ہم بھارت کے جاسوس کو این آر او نہیں دینے دیں گے۔ پٹرول سستا کریں ہم حکومت کا ساتھ دیں گے۔