Thursday, March 28, 2024

بلاول بھٹو زرداری ، ڈاکٹرفاروق ستار کے کاغذات نامزدگی کیخلاف درخواستیں دائر

بلاول بھٹو زرداری ، ڈاکٹرفاروق ستار کے کاغذات نامزدگی کیخلاف درخواستیں دائر
June 28, 2018
کراچی (92 نیوز) پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹوزرداری اور ایم کیو ایم رہنماء ڈاکٹر فاروق ستار کے کاغذات نامزدگی کو سندھ ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا گیا۔ درخواست گزار نے کہا کہ بلاول صادق اور امین نہیں، آرٹیکل باسٹھ ون ایف کے تحت نااہل قرار دیا جائے جبکہ فاروق ستار کے این اے 241، 245 اور 247 سے کاغذات منظوری کیخلاف بھی درخواست دائر کر دی گئی۔ درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ بلاول بھٹو نے اثاثے چھپائے اور حلف  نامہ میں بھی غلط بیانی کی ۔ عدالت نے درخواست گزار کو بلاول بھٹو کا بیان حلفی 2 جولائی تک پیش کرنے کی ہدایت کردی۔ ادھر متحدہ کے ناراض رہنماء ڈاکٹر فاروق ستار کی مشکلات کم ہونے کا نام نہیں لے رہیں ۔ تینوں حلقوں سے کاغذات منظوری کیخلاف اپیل میں کہا گیا کہ ایم کیو ایم رہنماء این آر او کے تحت ختم کئے گئے مقدمات میں مفرور ہیں ۔ عدالت نے الیکشن کمیشن، فاروق ستار اور دیگر کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 3 جولائی تک جواب مانگ لیا ۔ دوسری طرف سابق پی پی جیالے حبیب جان بلوچ نے بھی اپنے کاغذات مسترد کئے جانے کا فیصلہ ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا ۔ مؤقف اختیار کیا کہ برطانوی شہریت چھوڑ دی ہے ۔ مسلم لیگ ن کے صدر شہبازشریف نے بھی میدان کا انتخاب کر لیا ۔ این اے 250 سے کاغذات واپس اور این اے 249 پر مقابلے کیلئے تیار ہو گئے۔ عام انتخابات کیلئے کاغذات نامزدگی واپس لینے اور پارٹی ٹکٹ جمع کرانے کی آخری تاریخ 29 جون ہے ۔