Thursday, March 28, 2024

پیپلزپارٹی نے اپنا منشور بدل دیا،روٹی کپڑا اور مکان کی جگہ بھوک مٹاؤ پروگرام کا اعلان

پیپلزپارٹی نے اپنا منشور بدل دیا،روٹی کپڑا اور مکان کی جگہ بھوک مٹاؤ پروگرام کا اعلان
June 28, 2018
اسلام آباد ( 92 نیوز) پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے الیکشن دو ہزار اٹھارہ میں نیا انتخابی منشور دے دیا اور بھٹو کا نعرہ بدل دیا ، بلاول بھٹو زرداری نے روٹی، کپڑا اور مکان کی جگہ ’’بھوک مٹاؤ پروگرام‘‘کا اعلان کردیااور کہا کہ پاکستان مزید مقروض، سفارتی سطح پر تنہا ہو گیا، دنیا سے تعلقات بہتر بنائیں گے، قومی خزانے سے فائدہ اٹھانے والوں کا بلاتفریق احتساب ہونا چائیے۔ انتخابی منشور کا اعلان کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان مزید مقروض،سفارتی سطح پر تنہا ہو گیا، پیپلزپارٹی دنیا سے تعلقات بہتربنائے گی، ہم اقتدار میں آ کر کسانوں اور محنت کشوں کے مفاد کا تحفط کرتے ہوئے مزید انقلابی تبدیلیاں لائیں گے ۔ چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ مستقل نیشنل فنانس کمیشن کا قیام، فاٹا، گلگت بلتستان اور کشمیر کی ایوارڈ میں شمولیت،  ٹریڈ یونینز پر پابندیوں کا خاتمہ، لیونگ ویج، کھانے، پینے، صحت، تعلیم اور ٹرانسپورٹ کا بندوبست منشور میں شامل ہے ۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ملکی وقار پر سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، خطے میں امن کے لئے مسئلہ کشمیر کا حل ناگزیر ہے، دنیا کو بتانا ہو گا کہ کشمیر میں بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہو رہی ہے ۔ تقریب کے آخر میں کارکنوں کی جانب سے بدنظمی کے مناظر بھی دیکھنے کو ملے، شوروغل میں کان پڑی آواز سنائی نہیں دیتی تھی۔