Friday, April 26, 2024

بلاول بھٹو زرداری نے مسلم لیگ ن کو انتخابات کا بائیکاٹ نہ کرنے کا مشورہ دیدیا

بلاول بھٹو زرداری نے مسلم لیگ ن کو انتخابات کا بائیکاٹ نہ کرنے کا مشورہ دیدیا
July 4, 2018
کراچی ( 92 نیوز ) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے مسلم لیگ ن کو انتخابات کا بائیکاٹ نہ کرنے کا مشورہ دے دیا۔ بلاول بھٹو زرداری سیاسی میدان میں سر گرم ہیں ، کراچی تا خیبر انتخابی مہم کے تیسرے روز جیالوں کے نوجوان لیڈر کا جگہ جگہ پرتپاک  استقبال کیا گیا ۔ نواب شاہ میں  کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ  عوام کٹھ پتلی حکومت نہیں چاہتے ، جو جمہوریت نہیں چاہتے وہ متحد ہو رہے ہیں  ، ن لیگ انتخابات میں حصہ لے،فیصلہ عوام پر چھوڑ دیں ۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ن لیگ سے کہتا ہوں ہارنظر آئے تو ریس سے الگ نہیں ہونا چاہیے، جو لوگ جمہوریت نہیں چاہتے وہ متحد ہو رہے ہیں ، کوئی دھونس، دھاندلی یا دھمکی سے الیکشن نہیں جیت سکتا ،الیکشن میں تاخیر کا کوئی جواز نہیں۔بلاول بھٹو زرداری آج نواب شاہ سے سکھر بھی جائیں گے ۔ بلاول بھٹو  دولت پور پہنچے تو انہیں خواتین کی جانب سے سخت احتجاج کا سامنا کرنا پڑا، خواتین ہاتھوں میں توے اور بیلن اٹھائے  سراپااحتجاج تھیں ۔بلاول کی آمد پر خواتین گیس دو ،ووٹ لو  کے نعرے لگاتی رہیں جبکہ مظاہرین نے گیس کی عدم فراہمی پر شدید غم و غصے کا اظہار کیا ۔ چند روز قبل بھی کراچی میں پی پی پی کا گڑھ سمجھے جانے والے علاقے لیاری میں  صورتحال اُس وقت گمبھیر ہو گئی جب بلاول بھٹو زرداری کے قافلے پر مظاہرین نے پتھر برسا دیئے  ، جس سے کئی گاڑیوں کے شیشے ٹوٹ گئے ،تاہم پی پی پی رہنماؤں کی جانب سے واقع کی وضاحتیں بھی سامنے آئیں۔