Friday, April 26, 2024

بلاول بھٹو زرداری آج پارٹی منشور کا اعلان کریں گے

بلاول بھٹو زرداری آج پارٹی منشور کا اعلان کریں گے
June 28, 2018
اسلام آباد (92 نیوز) بلاول بھٹو زرداری آج پارٹی منشور کا اعلان کریں گے ۔ زراعت، توانائی، صنعتی ترقی، آبی ذخائر کی تعمیر اور روزگار منشور کی ترجیحات میں شامل ہیں۔ سرائیکی صوبے کا قیام بھی منشور کا حصہ ، روٹی ،کپڑا اور مکان کے علاوہ یوتھ امپاورمنٹ بھی منشور میں شامل ہیں۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری آج شام  5 بجے پارٹی منشور کا اعلان کرینگے۔ منشور کےحوالے سے سابق صدر اور پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز کے صدر آصف زرداری کا کارکنوں کے نام پیغامات بھی جاری کئے۔ آصف زرداری نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری آج انقلابی منشور پیش کرینگے۔ ہماری جدوجہد عوام کے روشن مستقبل کے لئے ہے۔ پیپلز پارٹی کا منشور شہید بی بی کی فلاسفی کی روح کے مطابق ہے۔ آصف زرداری نے کہا کہ شہید بھٹو کے خوابوں کی تعبیر ہمارا مشن ہے۔ بھٹو شہید اور عوام کا رومانس تاقیامت رہے گا۔ غریب کوخوشحال کر کےشہید بھٹو کے سامنے سر خرو ہونگے۔ عوام پرجان قربان کرنا صرف بھٹوز کی تاریخ ہے۔ آصف زرداری نے پیغام دیا کہ عوام کی طاقت سے انتخابات جیتیں گے۔ پیپلز پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری بطور پارٹی سربراہ آج اپنا پہلا منشور پیش کریں گے۔ آج پیش کیا جانے والا منشور پاکستان پیپلز پارٹی کا 11 واں مینفسٹو ہوگا ۔ پیپلز پارٹی کا 1967ء میں پہلا منشور ذوالفقار علی بھٹو نے پیش کیا تھا۔ پیپلز پارٹی کے منشورمیں ہمیشہ عوامی نوعیت کے مسائل کے حل اور ورکرز کے حقوق کا تحفظ شامل رہے۔