Friday, March 29, 2024

بلاول بھٹو اور مریم نواز نے سیاسی اتحاد کر لیا

بلاول بھٹو اور مریم نواز نے سیاسی اتحاد کر لیا
June 16, 2019
لاہور ( 92 نیوز) اپوزیشن جماعتوں نے حکومت کےخلاف منصوبہ بندی کو عملی جامہ پہنانا شروع کردیا،چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو اور مریم نواز نے سیاسی اتحاد کرلیا،دونوں نے حکومت کو ٹف ٹائم دینے کیلئے ساتھ چلنے کا عہد کیا ہے ۔ پیپلزپارٹی اور ن لیگ کی  قیادت نے مفادات کیلئے اختلافات بھلا دیے ،مریم نواز کی میزبانی کرنیوالے بلاول بھٹو آج لیگی نائب صدر کے مہمان بن گئے ۔ لاہور کے جاتی امرا میں مریم نواز اور بلاول بھٹو کے درمیان ملاقات دو گھنٹے جاری رہی ،دونوں جماعتوں نے حکومت مخالف جدوجہد جاری رکھنے پر اتفاق کر لیا۔ مریم نواز کا کہنا ہے کہ معاشی بحران ناقابل برداشت صورتحال اختیار کرچکا ،دونوں رہنماؤں نے ون آن ون ملاقات بھی کی ۔ مریم نواز سے ملاقات کے بعد بلاول بھٹو اعتزاز احسن کی رہائش گاہ پہنچے جہاں  انہوں نے پارٹی رہنماؤں سے سیاسی معاملات پر تبادلہ خیال کیا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا۔حکومت کا بجٹ نہ چلا تو پیپلز پارٹی اپنا بجٹ پیش کرے گی۔حکومت مخالف تحریک چلانے کا بھی اعلان کردیا۔ بلاول اور مریم کی ملاقات کا مشترکہ اعلامیہ بھی جاری کیا گیا ہے جس کے مطابق حکومت مخالف تحریک کیلئے   دیگر اپوزیشن جماعتوں سے بھی رابطے کیے جائیں گے ۔