Thursday, April 25, 2024

بلاول اپیکس کمیٹی میں شرکت سے محروم !!! کراچی آپریشن کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے: کورکمانڈر کراچی

بلاول اپیکس کمیٹی میں شرکت سے محروم !!! کراچی آپریشن کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے: کورکمانڈر کراچی
July 13, 2015
کراچی (92نیوز) ایوان وزیراعلیٰ میں پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور کورکمانڈر کراچی کے درمیان ملاقات کی اندرونی کہانی کا 92نیوز نے کھوج لگا لیا۔ ذرائع کے مطابق کور کمانڈر کو پیشگی آگاہ کیے بغیر ان کی بلاول بھٹو سے ملاقات کرائی گئی۔ انہوں نے ہی بلاول بھٹو کو اپیکس کمیٹی کے اجلاس میں شرکت سے روکا۔ تفصیلات کے مطابق کورکمانڈر کراچی نے بلاول کو باور کرایا کہ کچھ بھی ہو کراچی آپریشن کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔ قیام امن سے متعلق جو کچھ کہا گیا اسے فراموش نہیں کرینگے۔ ان کا کہنا تھا کہ سندھ میں حکومتی معاملات بہتر کرنے کی ضرورت ہے۔ حکومتی مشینری کو جرائم پیشہ عناصر سے پاک کیا جائے گا۔ دہشت گرد ہوں یا وائٹ کالر جرائم پیشہ، کسی کےلئے کوئی معافی نہیں۔ ان کے سہولت کاروں کو بھی نہیں بخشا جائیگا۔ ذرائع کے مطابق بلاول اپیکس کمیٹی کے اجلاس میں شریک ہونا چاہتے تھے مگر کورکمانڈر کراچی نے انہیں روک دیا۔ دوسری جانب بلاول نے عسکری قیادت کو یقین دلایا کہ فنانشل، کارپوریٹ کرائم روکنے میں پی پی آڑے نہیں آئیگی۔ ادھر اپیکس کمیٹی کے اجلاس سے متعلق ذرائع نے بتایا کہ وزیراعلیٰ نے اجلاس سے چار بار خطاب کیا۔ ہر بار یہی یقین دہانی کرائی کہ ان کی حکومت رینجرز کے خلاف نہیں، وہ رینجرز کو مکمل قانونی تحفظ دینا چاہتے ہیں۔ سائیں کے ساتھ والی کرسی پر تشریف فرما گورنر سندھ نے چپ کا روزہ نہیں توڑا۔ سائیں کی فرمائش پر فقط یہ کہا آپ آپریشن کے کپتان ہیں اور وہ ان کے فیصلوں کی تائید کرتے ہیں۔