Sunday, September 8, 2024

بلاول اپنے والد سے پوچھیں کہ 60ملین ڈالر کہاں سے آئے : چودھری نثار

بلاول اپنے والد سے پوچھیں کہ 60ملین ڈالر کہاں سے آئے : چودھری نثار
July 4, 2016
اسلام آباد(92نیوز)وزیرداخلہ چودھری نثار علی خان نے پیپلزپارٹی پر تنقید کے تیر برسادیئے ،کہتے ہیں پیپلزپارٹی اور بلاول بھٹو  اتنے ہی پارسا اور پوتر ہے تو بتادے دبئی میں محل اور60ملین ڈالر کہاں سے آئے؟؟؟ انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ آزادکشمیرمیں الیکشن کے دوران فوج تعینات کی جائیگی۔ تفصیلات کےمطابق چودھری نثار علی خان نے نادرا میگا سنٹر کی افتتاحی تقریب کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پیپلزپارٹی کو آڑے ہاتھوں لیا۔ انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی والے این آراو کی آڑ میں چھپ کر بری ہوئے زرداری اور بلاول بھٹو نے ابھی تک اپنے اثاثے ظاہر نہیں کئے اگر پیپلزپارٹی اتنی ہی پارسا اور پوتر ہے تو پھر یہی بتا دے کہ دوبئی کے 3محل اور 60ملین ڈالر کہاں سے آئے۔ آزاد کشمیر میں انتخابات کے حوالے سے وزیرداخلہ کاکہنا تھا کہ اس کی شفافیت سے اقوام عالم کو پتہ چلے گا کہ یہاں اور مقبوضہ کشمیر کے انتخابا ت میں کیا فرق ہے۔ انہوں نے واضح کردیا کہ آزادکشمیرمیں ا لیکشن کے دوران ہرصورت فوج تعینات کی جائیگی۔ وزیرداخلہ نے چیف جسٹس سپریم کورٹ سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ گرینڈ حیات اپارٹمنٹس میں ہونیوالی کرپشن کا وہ خود جائزہ لیں ۔ اس میں بڑے بڑے پردہ نشینوں کے نام سامنے آئینگے۔ ان کا کہنا تھا کہ کراچی میں چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ کے بیٹے کا اغواءاور قوال امجد صابری کے قتل کے واقعات افسوناک ہیں بڑی پیش رفت ہوئی ہے جلد ملزموں تک پہنچیں گے جبکہ افغان مہاجرین کے حوالے سے جلد قومی پالیسی کا اعلان کیا جائے گا ۔