Tuesday, April 23, 2024

بلاول اور آیان علی کا پیسہ ایک ہی اکاونٹ سے آتا ہے ، مراد سعید

بلاول اور آیان علی کا پیسہ ایک ہی اکاونٹ سے آتا ہے ، مراد سعید
May 9, 2019

 اسلام آباد (92 نیوز) قومی اسمبلی میں مراد سعید نے اپوزیشن کے شور میں تقریر جاری رکھی اور کہا پیپلز پارٹی این آر او کیلئے چیخ رہی ہے۔

 قومی اسمبلی کا اجلاس سپیکر اسد قیصر کی صدارت میں ہوا ۔ بلاول بھٹو کی تقریر کے بعد مائیک مراد سعید کو دینا مہنگا پڑ گیا ۔ اپوزیشن کی ایوان میں ہنگامہ آرائی ہوئی اور حکومت مخالف نعرے بازی کی ۔ سپیکر ڈائس کا گھیراو بھی کیا ۔

  مراد سعید نے اپوزیشن کے احتجاج پر ہیڈ فون لگا کر تقریر کا آغاز کیا ۔  بولے بلاول اور آیان علی کا پیسہ ایک ہی اکاونٹ سے آتا ہے ۔ یہ اپنی کرپشن کا این آر او مانگ رہے ہیں ۔

  بلاول بھٹو نے بھی حکومت پر تنقید کے نشتر برسائے ۔ بولے وفاقی حکومت کی نا اہلی سے صوبے دیوالیہ ہو رہے ہیں ۔ آئی ایم ایف ڈیل کو ایوان میں منظور کرنے کا مطالبہ بھی کیا اور کہا یہ پی ٹی آئی نہیں پی ٹی آئی ایم ایف کی حکومت ہے ۔

 دوران اجلاس اپوزیشن ارکان نے گو نیازی گو کے نعرے لگائے۔ خواجہ آصف کو تقریر کرنے کا موقع دینے کا مطالبہ کیا لیکن اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا وہ کسی قسم کی ڈکٹیشن نہیں لیں گے۔ اس موقع پر حکومتی ارکان نے بھی نو نو کے نعرے لگائے۔

 مراد سعید نے کہا لاڑکانہ سے رکن قومی اسمبلی نے لمبی تقریر کی،خود جواب نہیں سنتے۔

 اجلاس کے بعد شاہد خاقان عباسی اور خواجہ آصف نے کہا کون سا اسپیکر ایسی حرکتیں کرتا ہے،ایوان کی عزت کرنے والوں کی عزت کریں گے۔ اس طرح سے ایوان نہیں چلنے دیا جائے گا۔

 اس کے بعد سپیکر نے جمعہ کی صبح دس بجے تک اجلاس ملتوی کر دیا ۔