Monday, September 16, 2024

بلال یاسین کی نااہلی کے لئے شوکاز نوٹس جاری کرسکتے ہیں، چیف الیکشن کمشنر

بلال یاسین کی نااہلی کے لئے شوکاز نوٹس جاری کرسکتے ہیں، چیف الیکشن کمشنر
September 5, 2017

اسلام آباد (92 نیوز) این اے 120 میں انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کا معاملہ۔ پنجاب کے وزیر خوراک بلال یاسین کے پیش نہ ہونے پر چیف الیکشن کمشنر برہم ہوگئے۔ کہتے ہیں حکومتی جماعت ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کررہی ہے۔ سنجیدہ معاملہ ہے۔ بلال یاسین کی نااہلی کےلئے شوکاز نوٹس جاری کرسکتے ہیں۔

چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں 2 رکنی کمیشن نے الیکشن مانیٹرنگ ٹیم کی شکایت پر معاملے کی سماعت کی۔ پنجاب کے وزیر خوراک بلال یاسین خود آئے نہ ان کے وکیل۔

وکیل کے ایسوسی ایٹ کے پیش ہونے پر چیف الیکشن کمشنر برہم ہوگئے۔ انہوں نے ریمارکس دیئے کہ بلال یاسین لاہور کے ضمنی الیکشن میں انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرررہے ہیں۔

حکومتی جماعت نے ضابطہ اخلاق کوگپ بنا کر رکھ دیا۔ حکومتی جماعت ہی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرے گی تو باقی لوگ بھی کریں گے۔

چیف الیکشن کمشنر نے یہ بھی کہا کہ بلال یاسین خلاف ورزی کے مرتکب ہوئے تو آئندہ سماعت پران کی نااہلی کےلئے شوکاز نوٹس جاری کرینگے۔ الیکشن کمیشن نے بلال یاسین سے 7 ستمبر تک ضابطہ اخلاق ورزی پر جواب طلب کرلیا۔