Sunday, May 19, 2024

بلال یاسین پر حملے میں ملوث 4 مشتبہ افراد گرفتار

بلال یاسین پر حملے میں ملوث 4 مشتبہ افراد گرفتار
January 3, 2022 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) مسلم لیگ ن کے ایم پی اے بلال یاسین پر حملے میں ملوث 4 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔

پولیس ذرائع کے مطابق ملزمان کو جیو فینسنگ کی مدد سے حراست میں لیا گیا، زیرحراست افراد کا ویڈیو گرافک ٹیسٹ کروایا جائے گا۔

واردات میں استعمال ہونے والا پستول غیر قانونی اسلحہ ڈیلر سے ساجد نامی شخص نے خریدا۔ ایک ریکارڈ یافتہ ملزم محسن بھی واقعہ میں ملوث ہے۔

ن لیگی ایم پی اے بلال یاسین پر فائرنگ کرنے والوں کی تصاویر بھی سامنے آگئیں۔ ایک حملہ آور نے سبز اور ایک نے کالی جیکٹ پہن رکھی تھی، دونوں نے اپنے منہ پر رومال لپیٹ رکھے تھے، تاہم کچھ دور جاکر چہروں سے رومال ہٹا دئیے۔ ملزمان کی تصاویر نادرا کو بھجوا دی گئیں۔

دوسری جانب سیف سٹی اتھارٹی کا حملے کے مقام سے 50 میٹر قریب لگا کیمرہ خراب نکلا۔

لیگی ایم پی اے لاہور کے میو اسپتال میں زیر علاج ہیں جہاں سینئر ڈاکٹروں نے ان کا طبی معائنہ کیا۔ بلال یاسین کی عیادت کے لیے میو اسپتال میں اہم رہنماؤں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔

وائس چانسلر کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر خالد مسعود گوندل کا کہنا ہے کہ بلال یاسین کی حالت بہتر ہے۔ اُن کے پیٹ کے زخم بہتر ہیں، سینئر ڈاکٹرز پھر سے ان کا معائنہ کریں گے۔

پروفیسر خالد مسعود نے امید کی ہے کہ بلال یاسین کو آئی سی یو سے وارڈ میں شفٹ کردیا جائے گا۔

بلال یاسین کو جمعہ اور ہفتہ کی درمیانی شب فائرنگ کا نشانہ بنایا گیا تھا، تاہم میو اسپتال میں آپریشن کر کے گولیاں نکال لی گئی تھیں۔