Wednesday, May 22, 2024

بشار الاسد کو قتل کرانا چاہتا تھا ، ڈونلڈ ٹرمپ نے اعتراف کر لیا

بشار الاسد کو قتل کرانا چاہتا تھا ، ڈونلڈ ٹرمپ نے اعتراف کر لیا
September 16, 2020

واشنگٹن ( 92 نیوز) ڈونلڈ ٹرمپ اپنے ہی پرانے بیان سے مکرگئے، دو سال قبل شامی صدر بشار الاسد  کے قتل کے منصوبے کو جھوٹا الزام قرار دینے والے ٹرمپ نے بالآخر اس منصوبے کا اعتراف کر لیا ۔ امریکی صدر کہتے ہیں شامی صدربشار الاسد کو قتل کرانا چاہتا تھا لیکن اس وقت کے وزیر دفاع جیمزمیٹس اس کے حق میں نہیں تھے۔

صدارتی انتخابات قریب آتے ہی ٹرمپ کے پبلسٹی اسٹنٹ بھی بڑھ گئے ، شہرت اورمقبولیت میں اضافے کیلئے خطرناک بیان داغ دیا۔

معروف امریکی ٹی وی سے ٹیلیفونک گفتگو میں ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ وہ بشار الاسد کو آسانی سے باہر پھینک سکتے تھے، شامی صدرکو پوری طرح پھنسا لیا تھا، لیکن اس وقت کے امریکی وزیر دفاع ایسا کرنا نہیں چاہتے تھے ۔ شامی صدر بشار الاسد کو راستے سے ہٹانے کیلئے انہیں صرف ایک گولی چلوانی تھی، لیکن جیمز میٹس نے منصوبے کی مخالفت کی۔

امریکی صحافی باب ووڈ ورڈ نے دو سال قبل اپنی کتاب ’’فیئر‘‘ میں ایسا ہی انکشاف کرتے ہوئے لکھا تھا کہ امریکی صدر نے وزیردفاع جیمز میٹس پر بشارالاسد کو قتل کرنے کیلئے دباؤ ڈالا ، لیکن ڈونلڈ ٹرمپ نے اس انکشاف کو جھوٹ کا پلندہ اور کتاب بیچنے کا حربہ قرار دیا تھا۔