Tuesday, April 23, 2024

بسنت کے تہوار میں حفاظتی انتظامات ہونے چاہئیں، دھاتی ڈور روکنا چیلنج ہو گا ، شہری

بسنت کے تہوار میں حفاظتی انتظامات ہونے چاہئیں، دھاتی ڈور روکنا چیلنج ہو گا ، شہری
December 18, 2018
لاہور (92 نیوز) بسنت کا تہوار بحال کرنے کے فیصلے پر بیشتر لاہوریوں نے خوشی کا اظہار کیا۔ لاہور کے شہریوں کا کہنا ہے بسنت ہمارا ثقافتی تہوار ہے، خوشیاں دوبالا ہوں گی۔ بعض شہریوں کا کہنا ہے حفاظتی انتظامات بھی ہونے چاہئیں، دھاتی ڈور روکنا بڑا چیلنج ہو گا۔ پنجاب حکومت نے بسنت سے پابندی اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے مگربسنت کو محفوظ بنانا ہر کسی کی خواہش ہے۔ دو ہزار سترہ میں شہریوں کی جانب سے بسنت منانے کی اجازت مانگی گئی تو اس وقت کے وزیر اعلیٰ شہباز شریف کا جواز تھا کہ بسنت کے نام پر زندگیوں سے کھیلنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ بسنت کے تہوار سے پابندی اٹھانا اچھا اقدام ہے لیکن اس سے جو نقصانات ہوئے اس کا بھی خیال رکھنا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر قسم کی کیمیکل، دھاتی اور نقصان پہنچانے والی ڈور پر مکمل پابندی ہونی چاہئے تاکہ انسانی جانوں کا ضیاع نہ ہو۔ ڈسٹرک کائیٹ فلائنگ ایسوسی ایشن کے صدر شیخ سلیم بھی محفوظ بسنت کے حامی ہیں۔ پنجاب میں بسنت کا آخری تہوار دو ہزار نو میں منایا گیا تھا ،جس کے بعد دھاتی تار اور کیمیکل ڈور کے استعمال کی وجہ سے شہریوں کے ہلاک اور زخمی ہونے کے واقعات اتنے بڑھے کہ بسنت پر پابندی لگا دی گئی۔