Friday, March 29, 2024

بسنت بارے پنجاب حکومت تفصیلی جواب آج عدالت میں جمع کرائے گی

بسنت بارے پنجاب حکومت  تفصیلی جواب آج عدالت میں جمع کرائے گی
January 24, 2019
لاہور ( 92 نیوز) پنجاب حکومت نے بسنت نہ منانے کا فیصلہ کر لیا جب کہ اس بارے میں حکومت  کی جانب سے تفصیلی جواب آج عدالت میں دائر بھی کیا جائے گا۔ گزشتہ روز سینئر صوبائی وزیر پنجاب علیم خان نے  ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ محفوظ بسنت کی تیاری کے لئے چار سے چھ ماہ کا وقت درکار ہے ۔ عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ  بسنت نہ منانے کا فیصلہ عوامی مفاد میں کر رہے ہیں ، دھاتی تارکے استعمال  اور قوانین کے خلاف ورزی پر ایکشن ہونا چاہیے۔ دوسری جانب  عوام نے حکومت کے اس فیصلے پر ملے جلے رد عمل کا اظہارکیا ہے،کچھ نے اب بھی بسنت کی مانگ کرڈالی جبکہ کچھ  نے بسنت نہ منانے کی حکومتی  فیصلے کی حمایت کی ۔ سینئر وزیر عبدالعلیم خان کا اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے مزید کہنا تھا کہ محفوظ بسنت کی تیاری کیلئے 4سے6ماہ کی ورکنگ درکار ہے اور  اگر ادارے ذمہ داریاں پوری کریں تو ایسی سرگرمیاں ہو سکتی ہیں۔ دوسری جانب راولپنڈی  میں پتنگوں نے دو روز میں دو جانیں لے لیں ،  محلہ راجہ سلطان میں پتنگ پکڑتے ہوئے دس سالہ سیف جبکہ مورگاہ میں کھمبے سے پتنگ اتارتے ہوئے  تیرہ سالہ اویس جاں بحق  ہو گیا۔ محلہ راجہ سلطان میں پتنگ پکڑتے ہوئے دس سالہ بچہ کرنٹ لگانے سے جاں بحق  ہوا ، دس سالہ سیف آہنی سریا سے پتنگ پکڑتے ہوئے ہائی وولٹج تاروں سے ٹکرایا  ، بچہ بری طرح جھلس گیا اور اسپتال میں دم توڑ گیا  ۔ دوسری جانب مورگاہ میں کھمبے سے پتنگ اتارتے ہوئے کرنٹ لگنے سے تیرہ سالہ اویس جاں بحق  ہوا ، پولیس کے مطابق کرنٹ کے باعث پہلے جسم سے ہاتھ الگ ہوا ، زخمی حالت میں بچے کو اسپتال منتقل کیا گیا مگر جانبر نہ ہو سکا ۔