Friday, March 29, 2024

بس حادثے میں شہید 10 فوجیوں سمیت 24 افراد کی نماز جنازہ ادا

بس حادثے میں شہید 10 فوجیوں سمیت 24 افراد کی نماز جنازہ ادا
September 23, 2019
گلگت ( 92 نیوز ) بابوسرٹاپ بس حادثے  میں شہید پاک فوج کے دس جوانوں سمیت 24 افراد کی نمازجنازہ ہیلی پیڈ گلگت میں ادا  کر دی گئی ۔ نماز جنازہ میں  گورنر گلگت بلتستان راجہ جلال، وزیراعلیٰ حافظ حفیظ الرحمان اور فورس کمانڈر ناردرن ایریاز میجر جنرل احسان محمود سمیت سیکڑوں افراد نے شرکت کی ، میتیں بذریعہ ہیلی کاپٹر آبائی علاقوں کو روانہ کردی گئیں۔ گزشتہ صبح مسافر بس اسکردو سے راولپنڈی جارہی تھی کہ  بابوسرٹاپ کے قریب تیزرفتار مسافر بس موڑ کاٹتے ہوئے بے قابو ہو کر چٹان سے ٹکرا گئی  ۔ ترجمان گلگت بلتستان حکومت فیض اللہ کے مطابق  افسوسناک حادثے میں26 مسافر جاں بحق،12 زخمی ہوگئے۔ بدقسمت بس اسکردو سے راولپنڈی جارہی تھی ، آئی ایس پی آر کے مطابق بس حادثے میں جاں بحق ہونے والوں میں  10 فوجی بھی شامل ہیں ، پاک فوج نے امدادی آپریشن کرتے ہوئے ہیلی کاپٹرز کے ذریعے زخمیوں کو سی ایم ایچ گلگت منتقل کیا گیا۔ جاں بحق ہونیوالے افراد اور زخمیوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں،مسافروں کی اکثریت کا  تعلق گلگت بلتستان سے ہے۔ پاک فوج کی امدادی ٹیموں نے 12 زخمیوں اور 26 میتوں کو ہیلی کاپٹروں کے ذریعے سی ایم ایچ گلگت منتقل کیا،گلگت حادثے میں جاں بحق فوجی جوانوں کا حویلیاں، جہلم، مردان، میانوالی، اٹک سےتعلق ہے،جوان چھٹی پرگھرجارہے تھے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق سی ایم ایچ میں زخمیوں کو علاج کی تمام سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔