Thursday, April 25, 2024

بس اور ٹرالر تصادم میں جاں بحق ہونیوالوں کی تعداد 11 ہو گئی

بس اور ٹرالر تصادم میں جاں بحق ہونیوالوں کی تعداد 11 ہو گئی
December 21, 2017

ملتان ( 92 نیوز ) خانیوال موٹروے پر دھند کے باعث بس اور ٹرالر میں ہونے والے تصادم سے جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد 11 ہو گئی جبکہ نشتر ہسپتال ملتان میں داخل 11 زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے ۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ ریسکیو ٹیمیں اور پولیس دیر سے جائے حادثہ پر پہنچیں ۔
راجن پور سے بس لاہور کیلئے روانہ ہوئی ۔ مسافروں کے مطابق ڈرائیور سے بس آہستہ چلانے کو کہا گیا مگر اس نے ایک نہ سنی اور خانیوال سے ملتان جانے والی موٹر وے پر بس دھماکہ سے کھڑے ٹرالر سے ٹکرا گئی۔
حادثے میں بس کا اگلا حصہ مکمل تباہ ہو گیاجبکہ بس میں سوار کئی افراد اپنی جان سے ہاتھ دھو بیھٹے ۔
رسیکیو 1122 نے اطلاع پر زخمیوں اور جاں بحق ہونے والوں کی لاشوں کی نشتر ہسپتال ملتان منتقل کیا۔
خوفناک حادثہ میں 7 افراد تو موقع پر ہی دم توڑ گئے جبکہ 20 زخمیوں کو نشتر ہسپتال ملتان منتقل کیا گیا جہاں 4 مزید زخمی زندگی کی بازی ہار گئے۔ زخمیوں میں سے 11 کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے ۔
جاں بحق ہونے والوں کی شناخت محمد افضل(پاکپتن) ، حماد(لاہور) ، ملک منیر(راجن پور) سے ہوئی ہے جبکہ دیگر لاشوں کی شناخت نہیں ہو سکی۔
ٹرالر ڈرائیور بھی موقع پر جاں بحق ہو گیا جبکہ بس ڈرائیور کا سراغ نہ مل سکا۔
موٹر وے اور مقامی پولیس نے گاڑیوں کو بھی قبضے میں لے لیا ہے ۔