Friday, May 17, 2024

بزرگ سیاست دان سردار عطا اللہ مینگل 92 برس کی عمر میں انتقال کر گئے

بزرگ سیاست دان سردار عطا اللہ مینگل 92 برس کی عمر میں انتقال کر گئے
September 2, 2021 ویب ڈیسک

کوئٹٰہ (92 نیوز) بلوچستان کے بزرگ بلوچ قوم پرست رہنماءاور سیاستدان سردار عطاءاللہ مینگل کراچی کے نجی اسپتال میں انتقال کر گئے۔ وہ ایک ماہ سے عارضہ قلب میں مبتلا تھے۔

بلوچستان کی سیاسی تاریخ کا ایک سنہری باب بند ہو گیا۔ بزرگ بلوچ قوم پرست رہنماء اور سیاستدان سردار عطاءاللہ مینگل 92 سال کی عمر میں طویل علالت کے باعث کراچی کے نجی اسپتال میں انتقال کر گئے۔ سردار عطاءاللہ مینگل مئی 1929ء کو بلوچستان کے علاقے وڈھ میں پیدا ہوئے۔ آپ نے ابتدائی تعلیم کراچی جبکہ لاہور کے ایچی سن کالج سے اعلیٰ تعلیم حاصل کی۔

1958ء سے اپنے سیاسی کیئرئیر کا آغاز کیا اور نیشنل عوامی پارٹی میں شمولیت اختیار کی۔ 1970ء کے انتخابات میں نیشنل عوامی پارٹی کو کامیابی حاصل ہوئی تو سردار عطاءاللہ مینگل یکم مئی 1972ء کو بلوچستان کے پہلے وزیراعلیٰ منتخب ہوئے۔ تاہم 12 مئی 1973ء کو آپ کی حکومت تحلیل کرکے صوبے میں گورنر راج نافذ کر دیا گیا۔ آپ کے دور میں بلوچستان کی پہلی یونیورسٹی، پہلے میڈیکل کالج پہلے بورڈ آف سیکنڈری ایجوکیشن کے علاوہ حب کو صوبے کے پہلے انڈسٹریل سٹی کا درجہ بھی حاصل ہوا۔

افغان جہاد کے دوران سردار عطاءاللہ مینگل نے جلاوطنی اختیار کی اور 1995ء میں پاکستان واپسی پر بلوچستان نیشنل پارٹی کی بنیاد رکھی جس نے الیکشن میں کامیابی حاصل کی اور آپکے صاحبزادے سردار اختر مینگل کو وزیراعلیٰ بلوچستان کا منصب ملا۔

سردار عطاءاللہ مینگل کے سیاسی سفر میں نواب اکبر خان بگٹی، نواب خیر بخش مری اور میر غوث بخش بزنجو آپکے قریبی ساتھی رہے۔ سردار عطاءاللہ مینگل پچھلے کچھ عرصہ سے عارضہ قلب میں مبتلا تھے اور انہیں تشویشناک حالت میں کراچی کے نجی استپال منتقل کیا گیا تھا۔ پارٹی ترجمان کے مطابق ان کی تدفین کل انکے آبائی علاقے وڈھ میں کی جائے گی۔

چئیرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی، چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو، پی ڈی ایم کے چیئرمین مولانا فضل الرحمن ودیگر نے سردار عطا اللہ مینگل کے انتقال پر اظہار افسوس اور لواحقین سے اظہار تعزیت کیا۔