Sunday, September 8, 2024

بریگیڈیئر خالد سجاد کھوکھر پاکستان ہاکی فیڈریشن کے باقاعدہ صدر بن گئے

بریگیڈیئر خالد سجاد کھوکھر پاکستان ہاکی فیڈریشن کے باقاعدہ صدر بن گئے
August 28, 2015
اسلام آباد (92نیوز) پاکستان ہاکی فیڈریشن کی کانگریس نے بریگیڈیئر خالد سجاد کھوکھر کی بطور صدر توثیق کر دی۔ نومنتخب صدر میڈیا کے کسی سوال کا جواب دے سکے نہ ہی کوئی منصوبہ پیش کیا جبکہ کانگریس ارکان کے ٹی اے ڈی اے کی مد میں لاکھوں روپے اڑا دیئے گئے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان ہاکی فیڈریشن کی کانگریس نے بریگیڈئیر خالد سجاد کھوکھر کی بطور صدرتوثیق کردی ہے۔ اختر رسول کی جگہ نئے صدر کی توثیق کےلئے پاکستان ہاکی فیڈریشن کی کانگریس کا اجلاس اسلام آباد میں ہوا۔ اجلاس میں 108 ممبران میں سے 86 شریک ہوئے۔ فنڈز کی کمی کا رونا رونے والی ہاکی فیڈریشن نے ممبران کو ریٹرن ائیر ٹکٹس، رہائش، کھانے کے علاوہ 2000 روپے ڈیلی الاﺅنس کی مد میں لاکھوں اڑا دیئے۔ میڈیا سے بات چیت میں نومنتخب صدر خالد سجاد کھوکھر پوچھے گئے سوالات کا کوئی جواب نہ دے سکے۔ خالد سجاد کھوکھر ہاکی فیدڑیشن کے آئین سے بھی لاعلم نکلے۔ انہوں نے ہاکی فیڈریشن کے موجودہ سیکرٹری رانا مجاہد کی تبدیلی کے حوالے سے کوئی تسلی بخش جواب دیا نہ ہی ہاکی کی بہتری کا کوئی منصوبہ پیش کیا۔ نو منتخب صدر کا کہنا ہے کہ ہاکی مینجمنٹ میں تبدیلیوں کا اعلان چند روز میں کیا جائیگا۔ سجاد کھوکھر کہتے ہیں منتخب تو چار سال کیلئے ہوا ہوں مگر دو سال بھی لگا لئے تو بہت ہوں گے۔