Tuesday, April 16, 2024

بریگزٹ پر ڈیڈ لاک برقرار،ٹریزامے کی زیرصدارت اہم اجلاس آج ہوگا

بریگزٹ پر ڈیڈ لاک برقرار،ٹریزامے کی زیرصدارت اہم اجلاس آج ہوگا
April 2, 2019

لندن ( 92 نیوز) بریگزٹ پر ڈیڈلاک ختم نہ ہوسکا،  برطانوی پارلیمنٹ نے  بریگزٹ  منسوخی،کسٹم یونین،نئے ریفرنڈم اور ناروے طرز کے تعلقات کے آپشنز مسترد کردئیے ۔ آئندہ  کا لائحہ عمل طے کرنے کیلئے وزیر اعظم ٹریزامے کی زیر صدارت کابینہ کا اہم اجلاس آج ہوگا۔

بریگزٹ پر غیر یقینی صورتحال برقرار ہے ، برطانوی پارلیمنٹ نےوزیر اعظم ٹریزامے کی ڈیل کے متبادل چاروں آپشنز  مسترد کردئیے ۔

یورپی یونین کیساتھ مستقل کسٹم یونین کی قرارداد  273کے مقابلے میں  276ووٹوں سے مسترد ہوئی ، یورپی یونین کیساتھ ناروے طرز کے تعلقات کی قرارداد  261کے مقابلے 282ووٹوں سے نامنظور کی گئی ۔

نوڈیل کی صورت میں بریگزٹ منسوخ کرنے کی قرارداد بھی اکثریت حاصل کرنے میں ناکام رہی  جس کے حق میں  191اور مخالفت میں 292ووٹ ڈالے گئے ۔

اسی طرح  پارلیمنٹ سے  پاس کی گئی ڈیل پر ریفرنڈم کرانے کی قرارداد  بھی 12ووٹوں کے فرق سے مستردکردی گئی۔

ناروے طرز کے تعلقات کی قرارداد مسترد ہونے پر رکن پارلیمنٹ نِک بولز نے  ٹوری پارٹی سے استعفیٰ دے دیا۔بولز کا کہنا تھا کہ  ٹوری جماعت  کسی بھی قسم کا سمجھوتہ کرنے پر رضامند نہیں لہذا اب وہ اس کی مزید نمائندگی نہیں کرسکتے ۔

دوسری جانب وزیر اعظم ٹریزا مے کی زیر صدارت آج کابینہ کا اہم اجلاس ہوگا جس میں   آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔

بریگزٹ سیکرٹری سٹیو بارکلے کا کہنا ہے کہ حکومت  رواں ہفتے اپنی ڈیل کو  چوتھی بار ووٹنگ کیلئے پیش کرسکتی ہے۔برطانیہ کے پاس  بریگزٹ سے متعلق فیصلے کیلئے 12 اپریل تک کی ڈیڈلائن ہے۔