Saturday, April 20, 2024

برہان مظفر وانی کی شہادت کو چار سال بیت گئے

برہان مظفر وانی کی شہادت کو چار سال بیت گئے
July 8, 2020

سرینگر ( 92 نیوز) کشمیری قوم کے ہیرو تحریک آزادی کشمیر کے عظیم مجاہد برہان مظفر وانی کی چوتھی برسی آج کشمیر کے دونوں اطراف اور دنیا بھر میں مقیم کشمیری یوم مزاحمت کے طور پر منا رہے ہیں ۔

سال 2013 میں بھارتی قابض فورسز نے برہان مظفر وانی  کے بڑے بھائی خالد وانی کو جعلی مقابلے میں شہید کر دیا تھا، سینکڑوں کشمیری نوجوانوں کی طرح برہان وانی نے بھی بھارتی ظلم و ستم کیخلاف اور کشمیر کی آزادی کیلئے ہتھیار اٹھائے۔

برہان وانی شہید نے سوشل میڈیاء کے ذریعے بھارتی جبر و استبداد کیخلاف آواز اٹھائی اور بھارتی ریاستی دہشتگردی کو دنیا کے سامنے اجاگر کیا۔8 جولائی 2016  کو قابض بھارتی فوج نے  مقبوضہ کشمیر کے علاقے کوکرناگ میں آزادی پسند رہنما کو دو ساتھیوں سمیت شہید کردیا تھا۔

کشمیری عوام  نے عظیم نوجوان رہنما برہان مظفر وانی کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا،ان کا کہناتھا کہ تحریک آزادی کشمیر کے لئے دی جانے والی قربانیاں جلد رنگ لائیں گی۔

آج برہان وانی کے یوم شھادت  کو کشمیری عوام یوم مزاحمت کے طور پر منارہے ہیں۔ کنٹرول لائن کے دونوں اطراف، پاکستان  اور دنیا بھر میں احتجاجی مظاہرے کیے جائیں گے۔ خصوصی تقریبات بھی منعقد کی جائیں گی۔