Wednesday, April 24, 2024

برہان انٹرچینج پر شدید شیلنگ‘ وزیراعلیٰ پرویز خٹک واپس چلے گئے

برہان انٹرچینج پر شدید شیلنگ‘ وزیراعلیٰ پرویز خٹک واپس چلے گئے
November 1, 2016
صوابی (92نیوز) پنجاب پولیس کے تازہ دم دستوں نے صبح ہوتے ہی برہان انٹرچینج پر شدید شیلنگ کی جس کے بعد وزیراعلیٰ پرویز خٹک کا قافلہ واپس جانے پر مجبور ہو گیا اور کارکنوں کو صوابی پہنچنے کا حکم دیدیا۔ تفصیلات کے مطابق عمران خان اور وفاقی حکومت کیخلاف جنگ میں پہلا راونڈ پنجاب پولیس کے نام رہا۔ صبح ہوتے ہی برہان انٹر چینج پر تحریک انصاف کے کارکن اور پولیس آمنے سامنے آ گئی۔ شدید شیلنگ نے وزیر اعلیٰ پرویز خٹک اور ان کے قافلے کو واپس جانے پر مجبور کر دیا۔ پیرکی دوپہر صوابی سے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی قیاد ت میں چلنے والا تحریک انصاف کا قافلہ حضرو سمیت مختلف مقامات پر پنجاب پولیس سے تصادم اور شیلنگ کے باوجود رکاوٹیں ہٹاتا ہوا رات گیارہ بجے برہان انٹرچینج پہنچا۔ وزیراعلیٰ پرویز خٹک اور تحریک انصاف کے کارکنوں نے رات برہان انٹرچینج پر پڑاو ڈالا۔ کارکنوں نے سڑک پر بستر لگا کر اور گاڑیوں میں رات گزاری۔ صبح ہوتے ہی پنجاب پولیس کے جوانوں نے شدیدشیلنگ کرکے کپتان کے کھلاڑیوں کو پیچھے ہٹنے پر مجبور کر دیا۔ جواب میں کارکنوں نے جھاڑیوں کو پھر آگ لگا دی۔ پولیس نے رکاوٹیں ہٹانے کے لیے لائی گئی کرین کو ناکارہ بنادیا اور ٹریکٹرتحویل میں لے لیا۔ پولیس کی شدید شیلنگ کے بعد وزیر اعلیٰ پرویز خٹک صوابی انٹر چینج واپس چلے گئے اور کارکنوں کو بھی صوابی پہنچنے کا حکم دیا۔ اب اسلام آباد جانے کے لیے جی ٹی روڈ کی یاترا کا امکان ہے۔ ادھر پنجاب پولیس نے جی ٹی روڈ پر بھی وزیراعلیٰ پرویز خٹک اور پی ٹی آئی کارکنوں کو روکنے کی تیاری کر لی ہے۔