Thursday, April 25, 2024

برٹش ائیر ویز کا پاکستان کیلئے پروازیں دوبارہ شروع کرنے کا اعلان

برٹش ائیر ویز کا پاکستان کیلئے پروازیں دوبارہ شروع کرنے کا اعلان
December 18, 2018
اسلام آباد ( 92 نیوز) ملک میں امن امان برقرار ہوتے ہی خوشحالی بھی آنے لگی ،برٹش ایئرویز کا پاکستان کیلئے پروازیں دوبارہ شروع کرنے کا اعلان کردیا۔ وفاقی دارلحکومت میں برطانوی قائم مقام ہائی کمشنر رچرڈ کروڈر، وزیر اعظم کے مشیر تجارت عبدالرزاق داود اور معاون خصوصی سمندر پار پاکستانیز ذولفی بخاری اور برٹش ائر ویز کے ایشیابحرالکاہل اور مشرق وسطی کے سیلز سربراہ رابرٹ ولیم کی مشترکہ پریس کانفرنس ہوئی۔ مشترکہ پریس کانفرنس میں برٹش ائر ویز کی 10سال بعد پاکستان واپسی اور جون 2019 سے ہفتے میں 3 پروازوں کے آغاز کا اعلان کیا گیا۔ برطانیہ کے مطابق پروازوں کی بحالی پاکستان کیساتھ بڑھتے تعلقات کی غماز ہے۔ برٹش ائیر ویز کے مطابق پاکستان کاروباری لحاظ سے بہترین ملک ہے ۔ سیکیورٹی صورتحال کی بہتری واپسی کی وجہ ہے۔ وزیر اعظم کے معاون خصوصی ذوالفقار بخاری نے برٹش ایئرویز کی واپسی کوبین الاقوامی سرمایہ کاروں کے پاکستان پر اعتماد میں اضافے کا مظہر قرار دیا۔ مشیر تجارت عبدالرزاق نے برٹش ایئر ویز کے فیصلے کا خیرمقدم کیا اور کہا نئے ہوائی اڈے سے شہری علاقے تک میٹرو بس سروس شروع کی جائیگی۔ دوسری جانب ڈی جی آئی ایس پی آر نے برٹش ایئرویز کا فلائٹ آپریشن بحال کرنے کا خیرمقدم کیا ہے ۔ ڈی جی آئی ایس پی آرنے کہا امن و استحکام کیلئے دہائیوں لمبی کوششیں رنگ لانا شروع ہو گئیں۔