Thursday, March 28, 2024

بروقت اور درست فیصلوں سے جنگ کا خطرہ ٹل گیا ، وزیراعظم

بروقت اور درست فیصلوں سے جنگ کا خطرہ ٹل گیا ، وزیراعظم
March 6, 2019
 اسلام آباد (92 نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا حکومت کے بروقت اور درست فیصلوں سے جنگ کا خطرہ ٹل گیا۔ وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت تحریک انصاف اور اتحادی جماعتوں کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا جس میں پاک بھارت کشیدگی پر غور کیا گیا۔ کپتان نے پاک بھارت کشیدگی پر ارکان کو اعتماد میں لیا۔ وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ بروقت اور درست فیصلوں سے دونوں ممالک میں کشیدگی بھی کم ہوئی ہے لیکن اب بھی خطرہ برقرار ہے۔ وزیراعظم نے کالعدم تنظیموں پر پابندی سے  متعلق حکومتی فیصلے کی بھی وضاحت کی۔ انہوں نے کہا کہ کالعدم تنظیموں پر پابندی ملک کا اندرونی معاملہ ہے، کوئی بھی فیصلہ عالمی دباؤ پر نہیں کیا جا رہا۔ کپتان نے واضح کیا کہ جو بھی فیصلہ کریں گے وہ ملک کے  مفاد میں ہو گا۔ وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے پارلیمانی پارٹی کو عالمی ممالک کے ساتھ روابط سے آگاہ کیا۔ اجلاس کے شرکا نے وزیراعظم عمران خان کو امن کے لیے اقدامات پر خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ وزیراعظم کے اقدامات سے دنیا بھر میں پاکستان کا مثبت پیغام پہنچا۔ پارلیمانی رہنماؤں نے شاندار سفارت کاری پر وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کی تعریف بھی کی۔ پارلیمانی پارٹی نے وفاقی وزیر آبی وسائل فیصل واوڈا کے ساتھ ایوان میں کھڑے ہونے کا فیصلہ بھی کیا اور ان کی معافی کو مثبت اقدام قرار دیا۔ ذرائع کے مطابق ارکان کا کہنا تھا کہ فیصل واوڈا کی معافی کے بعد اپوزیشن کی تنقید بلاجواز ہے۔ پارلیمانی پارٹی نے اقتصادی اصلاحاتی بل 19-2018 کی منظوری بھی دی۔