Thursday, March 28, 2024

  برما میں روہنگیا مسلمانوں پر ہونیوالے ظلم وستم کے خلاف ملک بھر میں مظاہرے

   برما میں روہنگیا مسلمانوں پر ہونیوالے ظلم وستم کے خلاف ملک بھر میں مظاہرے
June 10, 2015
ملتان،اوکاڑہ،ٹنڈو الہ یار(92نیوز)برما میں روہنگیا مسلمانوں پر ہونے والے ظلم و ستم اورقتل وغارت کے خلاف اور ان سے اظہار یکجہتی کے لیے مختلف سیاسی ،سماجیِ ، مذہبی جماعتوں نے ملتان ،اوکاڑہ اور ٹنڈوالہ یار میں احتجاجی مظاہرےکیے ۔ تفصیلات کے مطابق روہنگیا مسلمانوں کے قتل عام و بربریت کے خلاف اور ان سے اظہار یکجہتی کے لیے کئے جانے والے مظاہرے میں جماعت اسلامی ، اہلسنت والجماعت ، مجلس ختم نبوت ، مسلم لیگ(ن)، جمعیت علماء اسلام (ف)، مدرسہ مدینۃ العلوم ، تاجر تنظیموں اور ہندو برادری کے رہنماؤں سمیت عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ مظاہرین نے بینر اٹھا رکھے تھے جن پر مسلمانوں پر ظلم و بربریت کے خلاف اور مظلوم مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کے نعرے درج تھے ۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے مفتی مجیب الرحمان ، صہیب فاروق قائم خانی ، ویگر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج دنیا بھر میں مسلمان مصائب سے گزر ر ہے ہیں، برما کے مسلمانوں کی حالت زار پر ہر آنکھ نم ہے انکے لئے پوری دنیا کی زمین تنگ ہوچکی ہے انہیں کہیں پناہ نہیں مل رہی ہے ، انھیں سمندر کی موجوں کے حوالے کردیا گیا ہے ، اقوام متحدہ ،او آئی سی ،امریکہ ،یورپ،اور مسلم ممالک کے حکمران مسلمانوں پر ہونے والے ظلم و بربریت روکنے میں اپنا کردار ادا کرنے کے بجائے خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں،یہاں تک کہ  عالمی میڈیا بھی خاموش ہے ،ان کی خاموشی قاتلوں کی حوصلہ افزائی ہے ۔ مظاہرین کامطالبہ تھاکہ مسلم حکمران خاموشی ختم کرکے برما کے روہنگیا مسلمانوں کا قتل عام بند کرائیں۔ انہوں نے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا کہ برما کے مسلمانوں کی بحالی اور آباد کاری کیلئے وہ عملی جدوجہدکرے اورپاکستان میں برمی سفیر کو فوری طورملک بدرکرے۔