Thursday, April 18, 2024

برما میں آپریشن کے بعد بھارت بدحواس !!! پاکستان کے اندر کارروائی کرنے کی دھمکی دے ڈالی

برما میں آپریشن کے بعد بھارت بدحواس !!! پاکستان کے اندر کارروائی کرنے کی دھمکی دے ڈالی
June 10, 2015
لاہور (92نیوز) بھارتی شہر مانی پور میں برما سے باغی آئے اور فوجی مار کر چلتے بنے جس کے جواب میں بھارتی فوج نے سرحد پار کارروائی کی۔ ہندوستانی میڈیا اس پر اتنا اچھلا کہ فوراً ہی پاکستان کے خلاف ایسی کارروائی کرنے کےلئے حکومت کو اکسانے پر اتر آیا۔ بھارتی وزیر اطلاعات تو گویا حواس ہی کھو بیٹھے۔ دیوانے پن میں کہہ گزرے پاکستان کے اندر بھی ایسی کارروائیاں کریں گے۔ ارے صاحب! ہوش کریں، یہ پاکستان ہے، برما نہیں۔ تفصیلات کے مطابق چند روز قبل بھارتی علاقے منی پور میں 18بھارتی فوجیوں کو قتل کر دیا گیا تھا جس کے جواب میں بھارتی فوج نے برما کی سرحد عبور کر کے ایئرفورس کی مدد سے بھرپور کارروائی کی اور 20افراد کو ہلاک کر دیا اور مشتبہ افراد کے دو کیمپوں کو بھی تباہ کر دیا۔ بھارت کے وزیرمملکت برائے اطلاعات راجیہ وردھن راٹھور نے برما کے اندر کارروائی کے حوالے سے بتایا کہ بھارت کے برما کے ساتھ اچھے تعلقات ہیں جن کی بنیاد پر یہ کارروائی کی گئی ہے۔ دلچسپ امر یہ ہے کہ اس کارروائی میں برما کی فوج کی مکمل رضا مندی شامل تھی اور باغیوں کے خلاف یہ آپریشن مشترکہ تھا مگر بھارتی میڈیا اور حکومت یہ تاثر دینے کی کوشش کرتے رہے کہ کارروائی جارحانہ انداز میں سرحد پار کی گئی۔ باغیوں کے خلاف کارروائی کے بعد بھارتی وزیر اطلاعات رات کے اندھیرے میں ایسے بدحواس ہوئے کہ پاکستان کے خلاف بیانات داغ دیئے۔ راجیہ وردھن سنگھ نے کہا کہ برما میں کارروائی پاکستان کےلئے پیغام ہے۔ موصوف نے مزید کہا کہ پاکستان میں ایسی کارروائیاں کی جا سکتی ہیں۔ بھارتی وزیر کے بیان کے بعد ہندوستانی میڈیا کی چھلانگیں بھی دیدنی تھیں لیکن ذرا بچ کے رہنا بھائی ، یہ پاکستان ہے جس کا دفاع چٹانوں سے بھی مضبوط ہے۔