Thursday, March 28, 2024

برف پگھلنا شروع ، نریندر مودی کی اچانک لاہور آمد ، انواع و اقسام سے تواضع

برف پگھلنا شروع ، نریندر مودی کی اچانک لاہور آمد ، انواع و اقسام سے تواضع
December 25, 2015
  لاہور(92نیوز)پاکستان اور بھارت کے درمیان برف پگھلنا شروع ہو گئی بھارتی وزیراعظم نریندرمودی اچانک دورے پر لاہور پہنچ گئے۔ وزیراعظم محمدنوازشریف نے وفد کے ہمراہ اپنے ہم منصب کاگرم جوشی سے استقبال کیا ۔ دونوں رہنماؤں کی طرف سے خیرسگالی کے جذبات کا  تبادلہ بھی ہوا۔ تفصیلات کےمطابق بھارتی وزیراعظم نریندرمودی نے اپنے پاکستانی ہم منصب نوازشریف کو ٹیلی فون کرکے سالگرہ پرمبارک باددی  ان کی نواسی کی شادی پر بھی نیک خواہشات کااظہارکیا۔ نریندرمودی نے وزیراعظم نوازشریف کی والدہ سے ملنے کی خواہش کی تووزیراعظم نے انہیں پاکستان آنے کی دعوت دےدی جو انہوں نے فوراً قبول کرلی۔ اس اچانک طے پانے والی ملاقات کیلئے فوری اقدامات شروع ہوئےسب کی دوڑیں لگ گئیں اورپھر بھارتی وزیراعظم نریندرمودی کا طیارہ افغانستان سے پاکستان کیلئے روانہ ہوگیا۔ پاکستان پہنچے تولاہورائیرپورٹ پر وزیراعظم میاں محمد نوازشریف اوران کے رفقاء کی جانب سے نریندرمودی کا شاندار استقبال کیا گیا۔ دونوں رہنما گرمجوشی سے ملے جبکہ وزیراعظم نے اپنے رفقاء کا تعارف بھی کرایا خوشگوارمسکراہٹوں کا تبادلہ ہوا، حال چال پوچھا گیا اورفیصلہ ہوا کہ باقی باتیں جاتی امرامیں ہوں گی۔ دونوں رہنما ہیلی کاپٹر کے ذریعے وزیراعظم نوازشریف کی ذاتی رہائش گاہ جاتی امراء پہنچے جہاں پرمہمانوں کی تواضع کے لئے انواع واقسام کےکھانے تیارکئے گئے تھے۔ اس موقع پردونوں رہنماؤں کےدرمیان رفقاءکی موجودگی میں اورپھرون ٹوون ملاقات ہوئی۔ ملاقاتوں میں وفاقی وزیرخزانہ اسحاق ڈاراوروزیراعلیٰ پنجاب میاں شہبازشریف سمیت سینئرعہدیداربھی موجود تھے۔ ملاقات کےدوران نریندرمودی کی جانب سے وزیراعظم کو سالگرہ اور پوتی کی شادی پر مبارکباد دی گئی۔ بھارتی وزیراعظم سالگرہ کا کیک اورتحائف بھی لے کر آئے۔ بھارتی وزیراعظم کی آمدپر ایئرپورٹ پرسکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کئے گئے تھے ایئرپورٹ کو وی وی آئی پی ڈکلیئرکرنے کے ساتھ ساتھ تمام پروازوں کوبھی معطل کر دیا گیا۔