Friday, April 19, 2024

برطانیہ کے ڈاکٹرز کا کورونا وائرس کی ویکسین تیار کرنے کا دعویٰ

برطانیہ کے ڈاکٹرز کا کورونا وائرس کی ویکسین تیار کرنے کا دعویٰ
April 12, 2020
 لندن (92 نیوز) برطانیہ کے ڈاکٹرز نے کورونا وائرس کی ویکسین تیار کرنے کا دعویٰ کردیا۔ کورونا وائرس پوری دنیا میں ایک لاکھ سے زائد زندگیاں نگل گیا۔ امریکا اور یورپ میں صف ماتم بچھی ہوئی ہے۔ اس خوف اور ناامیدی کی فضا میں برطانوی ڈاکٹرز اور ماہرین نے دعوی کیا ہے کہ انہوں نے کورونا وائرس کی ویکسین تیار کرلی ہے جو چار ماہ بعد مارکیٹ میں آجائے گی۔ آکسفورڈ یونیورسٹی کی پروفیسر سارہ گلبرٹ کا دی ٹائمز کو انٹرویو دیتے ہوئے کہنا تھا کہ ان کی ٹیم نے ویکسین تیار کرلی ہے جسکا ٹرائل دو ہفتوں میں کر لیا جائے گا۔ ان کا مزید کہنا تھا انہیں 80 فیصد یقین ہے کہ ان کی تیار کردہ ویکسین کورونا وائرس کو ختم کرنے میں مدد گار ثابت ہو گی۔ پاکستان کے معروف سائنسدان ڈاکٹر عطا الرحمن کا اس ویکسین کے حوالے 92 نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا بڑا مسئلہ ویکسین کا ٹرائل ہے۔ اس سارے عمل میں ایک سال کا عرصہ لگ سکتا ہے۔ وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چودھری کا کہنا ہے ویکسین کے ٹرائل کو ایک سے ڈیڑھ سال کا عرصہ چاہئے ہوتا ہے۔ اس کے بعد اسے انسانوں کے استعمال کے لئے مارکیٹ میں لایا جاتا ہے۔ پروفیسر سارہ گلبرٹ کا اپنے انٹرویو میں مزید کہنا تھا حکومت کی اجازت کے بعد ویکسین کو مارکیٹ میں لایا جائے گا جبکہ دنیا کے دیگر ممالک تک ویکسین پہنچانے میں ڈیڑھ سال کا عرصہ لگ سکتا ہے۔